چوری اور سینہ زوری

اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ پاکستانی کرکٹر محمد آصف نے اسپاٹ فکسنگ کے ذریعے دنیا بھر میں وطنِ عزیز کی بدنامی کرنے کے بعد حال ہی میں اپنی جہالت کا ثبوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے جیل جانے پر بولنے والوں کو یہ یاد رکھا چاہیئے کہ سابق جنوبی افریقی صدر نیلسن منڈیلا کو جیل کی ہوا کھانی پڑی تھی۔دل تو چاہتا ہے کہ محمد آصف کے اس بیان پراسے ایک زوردار طمانچہ رسید کیا جائے۔ جہالت کی حد ہے کہ ایک سزا یافتہ مجرم جس پر اخلاقی جرائم اور منشیات کے حوالے سے بھی شبہ ظاہر کیا جاتا رہا ، وہ دنیا کے ایک عظیم الشان لیڈر کی جرمِ بے گناہی کی سزا کو اپنے قبیح جرم کی سزا سے ملا رہا ہے۔اس بیان سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ محمدآصف کو عظیم نیلسن مینڈیلا کے بارے میں ذرا سی بھی معلومات نہیں ہیں، ورنہ وہ اس جہالت کا ارتکاب کبھی نہ کرتا۔

محمد آصف کی معلومات کے لیے ہم یہ بتاتے چلیں کہ نوبل انعام یافتہ لیڈر نیلسن مینڈیلا کسی اخلاقی جرم یا کرپشن کے الزام میں قید نہیں ہوئے تھے بلکہ انہیں نسلی امتیاز کے خلاف اور اپنی قوم کی آزادی کے لیے جدو جہد کرنیکے ’’ جرم ‘‘ میں گورے حکمرانوں نے 5اگست 1962کو قید کرلیا تھا، دورانِ اسیری انہیں کسی ایک جگہ نہیں رکھا گیا بلکہ انہیں مختلف جیلوں میں رکھا جاتا رہا، اپنی عمر عزیز کے قیمتی 27سال، اپنی جوانی انہوں نے جرم بیگناہی کی سزا بھگتنے میں گزار دی۔ یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کہ ان کے یہ 27 سال جیل مینول کے مطابق 54 سال بنتے ہیں کیوں کہ جیل میں 12گھنٹے دن اور 12گھنٹے رات دو دن شمار کیے جاتے ہیں۔

جیل سے رہا ہونے کے بعد عظیم مینڈیلا نے وسیع القلبی کا ایک اور ثبوت دیا اور کسی کے خلاف بھی انتقامی کارروائی نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ نیلسن مینڈیلا کو 1988میں شیخاروف ایوارڈ، 1990میں بھارت کا سب سے بڑا سویلین ایوراڈ بھارت رتن اور 1993میں امن کا نوبل انعام دیا گیا۔

اس عظیم الشان حریت پرست ، آزادی پسند رہنمااور عزم و ہمت و صبر استقامت کے پہاڑ سے محمد ا?صف نے اپنا موازنہ کرکے نہ صرف اپنی جہالت کا ثبوت دیا ہے بلکہ اس عظیم لیڈر کی بھی توہین کی ہے۔ اسلیے محمد آصف فوری طور اپنے اس بیان پر معافی مانگیں ، دوبارہ اپنے سنگین جرم کی سزا کو نیلسن مینڈیلا اور کسی بھی عظیم لیڈر سے موازنہ کرنے کی جرات نہ کریں۔ اس کے علاوہ ہم اس بلاگ کے توسط سے آئی سی سی اور پی سی بی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ محمد آصف کے اس بیان کا سخت نوٹس لے تاکہ آئندہ کوئی اور سزا یافتہ فرد اس قسم کی حرکت نہ کرے۔

Saleem Ullah Shaikh
About the Author: Saleem Ullah Shaikh Read More Articles by Saleem Ullah Shaikh: 535 Articles with 1520254 views سادہ انسان ، سادہ سوچ، سادہ مشن
رب کی دھرتی پر رب کا نظام
.. View More