زندگی کے تھوڑئے سے عرصے کو چھوٹی چھوٹی
خواہشوں کی خاطر سوہانِ روح بنانے کی بجائے اِن لمحات کو حیوانوں کی بجائے
اگر انسانی انداز میں ہی گزار لیا جائے توانسان کامیاب ہوسکتا ہے ۔کامیابی
کا مطلب تو یہ ہوتا ہے کہ کس طرح اپنا وقت صرف کیا گیا۔کائنات کروڑوں سالوں
سے قائم ہے اور اِن کروڑوں سالوں میں سے سو پچاس سال کی زندگی انسان کو عطا
ہوتی ہے ۔زندگی کو قائم ہوئے کروڑوں سال بیت گئے ہیں اور اِس زندگی کا سب
سے بڑا سبق یہ ہے کہ یہ عارضی ترین شے ہے اور اِس کا خاتمہ کسی لمحے بھی ہو
سکتا ہے۔حسن کا پرستار بننا، دولت کے انبار اکھٹے کرنا، دہشت و ظلم پھیلانا
لیکن نتیجہ یہ ہی ہے کہ دنیا کا کوئی شخص ایسا نہیں ہے کہ جو مال اسباب و
جائیداد کو ساتھ لے کر اپنی اصلی منزل قبر میں گیا ہو۔ اربوں انسانوں میں
سے کوئی ایک شخص بھی ایسا نہیں جو یہ کہہ سکے کہ میں نے اپنا مال ساتھ لے
لیا ہے۔ انسانی زندگی کے ختم ہونے کے بعد ہمیشہ اُسی کی بات ہوتی ہے جس کے
بود و باش اچھے رہے ہوں۔گویا انسان مر جاتا ہے لیکن اُس کا کردار زندہ رہ
جاتا ہے اور جس نے مال و اسباب کی بجائے انسانوں سے محبت کی ہوتی ہے اُس نے
خالق کی منشاء حاصل کر لی ہوتی ہے۔ جو اپنے خالق کی رضا حاصل کر لیتا ہے۔
اُس کی زندگی کو رائیگاں نہیں کہا جاتا بلکہ یہی صدا اُس کے لیے بلند ہوتی
ہے کہ کہ وہ سراغ زندگی پا گیا اُس کا کردار حیات جاوداں کا جام پی لیتا ہے
اور پھر اُس کی یاد اُس کے افعال امر ہو جاتے ہیں جیسے سید داتا علی ہجویریؒ
ایک ہزار سال پہلے لاہور میں دفن ہوئے لیکن اﷲ پاک کی رحمتوں کا نزول اُن
کی قبر اطہر پہ جاری و ساری ہے اور اُن کا فیض جاری ہے۔ سید علی ہجویریؒ اﷲ
کے پاکباز بندئے تھے وفات پاء گئے لیکن اُن کے نام کا ڈنکا ایسے بج رہا ہے
جیسے وہ زندہ ہیں۔بندہ ِمومن جب خالق کی عطا حاصل کرلیتا ہے اور اپنے فرائض
ادا کرتا ہے تو اِس کے لیے سب سے بڑا انعام خالق کے لیے یہ ہی ہوتا ہے کہ
خالق اُس کے نام کو بلند کر دیتا ہے۔مصطفے کریمﷺ کی اطاعت کی زندگی مصطفائی
رنگ جوچڑھا دیتی ہے بندئے پر۔وہ پھر داتا علی ہجویریؒ ،خواجہ غریب نوازؒ بن
جاتا ہے۔روحانیت صرف اُس روح پر آشکار ہوتی ہے جو پاکیزہ ہو،حرص سے دور ہو،
جسے دنیاوی جاہ و حشمت کی طلب نہ ہو۔ جو انانیت کے بت کی قید میں نہ ہو۔وہی
پھر خواجہ غریب نواز ہوجاتا ہے۔زمانے کی ٹھوکریں انسان کو کندن بنادیتی ہیں
اور انسان زندہ ہو یا مرجائے اُس کی قسمت کا ستارہ اُسے نایاب بنائے ہوئے
ہوتا ہے۔جس طرح حضرت غالب نے کہا تھا کہ کی وفا ہم سے تو غیر اس کو جفا
کہتے ہیں۔ہوتی آئی ہے کہ اچھوں کو برا کہتے ہیں۔اِس لیے یہ کسوٹی قرار پاتی
ہے کہ جو اچھا ہو گا دنیا اُسے برا قرار دیتی ہے اور یوں پھر اچھوں کو زہر
کا پیالہ پینا پڑ جاتا ہے۔غربت،امارت دونوں حالتیں انسان کے لیے امتحان گاہ
ہیں۔ غربت میں رب کا شکر بجا لانا اور اپنی قسمت پر شاکر رہنا اور امارت
میں رب کا احسان مند رہنا اور ظالم نہ بننا۔فی زمانہ تعصب کی انتہاء کی وجہ
انسانیت کا ناپید ہوجاتا اِس بات کی دلالت ہے کہ ہوس نے چاروں جانب ڈیرے
ڈال رکھے ہیں۔ |