جو شخص دنیا میں دوغلا پن کرے گا قیامت میں اس کی دو زبانیں ہوں گی

کسی کے سامنے تعریف کرنااُ سے تیز چھری سے نقصان پہنچانے کے برابرہے قسط نمبر۴

۲۶؍فروری ،۳؍اور۱۷؍مارچ کو قارئین شامنامہ کی نذر زبان کی آفتوں پر راقم کا مضمون آیاتھا۔۱۰؍مارچ کوحالات حاضرہ پر ’’اجتماعی نکاح،بیاضوں کی تقسیم،تعمیری کام ،وارثین کی مدداور بینززکے سلسلے پرایک تلخ جائزہ‘‘نامی مضمون شائع ہوااور۳۱؍مارچ کو سیدناابوبکرصدیق رضی اﷲ عنہ اور صدیقی دستورالعمل کے اہم اصول پر مضمون شائع ہوا۔اس ہفتے زبان کی مزیدچندآفتوں کوتحریر کیا جارہا ہے تاکہ زبان کے صحیح ودرست استعمال کی طرف ہماری توجہ مبذول ہو اور زبان کی آفتوں سے بچنے کا حتی الامکان جذبہ بھی پیدا ہو۔
٭غیبت کرنا:زبان کی دسویں آفت’’غیبت‘‘ ہے اور یہ بلا عالمگیر ہے۔حق تعالیٰ نے قرآن مجید میں غیبت کرنے والوں کومرے ہوئے بھائی کا گوشت کھانے والے سے تشبیہ دی ہے۔(سورہ الحجرات،پ ۲۶،آیت ۱۲،کنزالایمان)اور حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے:غیبت سے پرہیز کرو کیوں کہ غیبت زنا سے بدتر ہے۔زانی کی توبہ تو قبول کرلی جاتی ہے مگر غیبت کرنے والے کی توبہ قبول نہیں ہوتی جب تک وہ شخص معاف نہ کردے،جس کی غیبت کی گئی ہے۔حق سبحانہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام پر وحی نازل فرمائی کہ جو غیبت سے توبہ کرکے مرے گا وہ سب سے آخر میں بہشت میں جائے گا اور اگر بغیر توبہ کے مرجائے تو سب سے آگے دوزخ میں داخل ہوگا۔

٭غمازی کرنا:زبان کی گیارہویں آفت غمازی(ایک کی بات دوسرے سے لگانا)اور سخن چینی(دورخاپن)ہے۔حق تعالیٰ کا ارشاد ہے:ترجمہ:ذلیل بہت طعنہ دینے والا،دورخاپن کرنے والا۔ایک اور مقام پر فرمایا۔ترجمہ:خرابی ہے اس کے لیے جو لوگوں کے منہ پر عیب لگائے اور پیٹھ پیچھے بدی کرے(سورۂ الھمزۃ،پارہ؍۳۰،آیت؍۱،کنزالایمان)ان آیتوں سے مراد دورخاپن ہے۔اﷲ کے رسول نے اس آدمی کو بدترین شخص فرمایا جو لوگوں میں فتنہ پیدا کرے۔ایک حدیث پاک میں ہے کہ جنت کے قریب آٹھ قسم کے لوگ نہیں پہنچ سکیں گے،غماز بھی اسی میں سے ایک ہے۔منقول ہے کہ بنی اسرائیل قحط سے دوچار ہوئے اور حضرت موسیٰ علیہ السلام کے پاس دعائے باراں کے لیے گئے،لیکن دعا کے باوجودبارش نہیں ہوئی تب حضرت موسیٰ علیہ السلام پر وحی نازل ہوئی کہ ائے موسیٰ!میں تمھاری دعا قبول نہیں کروں گاکہ تمھاری جماعت میں ایک غماز موجود ہے۔موسیٰ علیہ السلام نے عرض کیاالٰہی!مجھے اس کی نشانی بتا تاکہ میں اسے جماعت سے نکال دوں،خدائے تبارک تعالیٰ نے فرمایاکہ جب میں غمازسے ناخوش ہوں تومیں کس طرح غمازی کروں۔تب حضرت موسیٰ علیہ السلام کے کہنے پرہرایک نے غمازی سے توبہ کی اور پھر بارانِ رحمت کا نزول ہوا۔

٭لگائی بجھائی کرنا:زبان کی بارہویں آفت دولوگوں کے درمیان لگائی بجھائی (دورخی)کرنا ہے یعنی ہر ایک سے ایسی بات کہناجواس کوپسند آئے،پھرہرایک کی بات دوسرے تک پہنچادینا،یہ بات غمازی سے بھی بدتر ہے۔حضور اکرم ﷺنے فرمایا:جوشخص دنیا میں دوغلاپن کرے گاقیامت میں اس کی دوزبانیں ہوں گی۔ایساشخص جودشمن سے دوستی رکھتا ہے اس کوچاہیے کہ جب وہ کسی سے ایک بات سنے تو خاموش ہوجائے،ایک کی بات دوسرے سے نہ لگائے اور ہرایک سے اس طرح نہ کہے کہ’’میں آپ کاخیر خواہ ہوں‘‘۔

٭مدح وستائش کرنا:لوگوں کی مدح وستائش کرنا زبان کی تیرہویں آفت ہے اور تعریف میں غلو کرنایہ بھی آفت ہے۔حدیث شریف میں آیا ہے کہ جس نے مخلوق کی تعریف میں غلو کیاقیامت کے دن اس کی زبان اتنی لمبی ہوگی کہ زمین سے لگ جائے گی اور وہ اس کو روندتا ہواگرپڑے گا۔ایک شخص نے حضور انور ﷺ کے روبرو کسی شخص کی تعریف کی،حضور ﷺ نے فرمایا:افسوس کہ اس کی گردن ماردی۔آپ نے پھر فرمایا کہ اگرتجھے کسی کی مدح کرنا ضروری ہے تویوں کہہ کہ میں ایساسمجھتا ہوں اورعنداﷲ اس کو عیب سے برا خیال کرتا ہوں اگرتو اس خیال میں سچاہے تب اس کا حساب خدا کے ساتھ ہے۔تعریف کے نقصان کو بیان کرتے ہوئے ارشاد رسول ﷺہے کہ کسی کے سامنے اس کی تعریف کرنے سے بہتر ہے کہ اس کے پاس تیز چھری لے کر جائے۔حاصل کلام یہ ہے کہ تعریف سن کر خوش ہونے کی بجائے تعریفی کلمات سے بے زاری اختیار کی جائے۔لوگوں نے ایک بزرگ کی تعریف کی وہ کہنے لگے یا الٰہی!یہ شخص میرا قرب اس چیزکے وسیلے سے ڈھونڈرہا ہے جس سے میں بیزار ہوں اور تیری بارگاہ کی تعریف کا خواہاں ہوں‘‘۔کچھ لوگوں نے حضرت علی رضی اﷲ عنہ کی تعریف کی تو آپ نے فرمایا:بار الٰہا!مجھ سے مواخذہ نہ فرمانااس بات پرجویہ لوگ کہتے ہیں اور میری اس خطا کو بخش دینا جس کو یہ لوگ نہیں جانتے اور مجھ کویہ لوگ جیسا سمجھتے ہیں اس سے بہتر فرمادے۔ایک شخص حضرت علی کرم اﷲ تعالیٰ وجہہ الکریم کو دل سے دوست نہیں رکھتا تھا اس نے نفاق سے آپ کی تعریف کی توآپ نے فرمایا:تونے زبان سے جو کچھ مجھے کہامیں اس سے کم ترہوں اور دل میں تومجھے جیسا سمجھتا ہے اس سے میں بہتر ہوں۔

Ataurrahman Noori
About the Author: Ataurrahman Noori Read More Articles by Ataurrahman Noori: 535 Articles with 675054 views M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist & Pharmacist .. View More