تفسیر احسن البیان سبق نمبر1

 بســـــــــــــــمِ ﷲِالرحمٰنِ الرَّحِيم

تفسیر احسن البیان

(سبق نمبر:1)

مقدمہ
از قلم معالی الشیخ صالح بن عبدالعزیز بن محمد آل الشیخ وزیر اسلامی امور اوقاف اور دعوت و ارشادنگران اعلیٰ مجمع الملک فہد-
الحمد للہ رب العالمین ، القائل ف(فیی) کتابہ الکریم ( قَد جَآءَکُم مِّنَ اللہِ نُورٌ وَّ کِتٰبٌ مُّبِینٌ ) و الصلاۃ و السلام علی اشرف الأنبیاء و المرسلین ، نبینا محمد القائل : (( خیرکم من تعلّم القرآن و علّمہ )) ۔ أما بعد :خادم الحرمین الشریفین شاہ فہد بن عبدالعزیز آل سعود حفظہ اللہ نے کتاب الٰہی کی خدمت کے سلسلہ میں جو ہدایات دی ہیں ان میں قرآن مجید کی طباعت ، وسیع پیمانے پر مسلمانان عالم میں اس کی تقسیم کے اہتمام اور دنیا کی مختلف زبانوں میں ترجمہ و تفسیر کی اشاعت پر خاص طور سے زور دیا گیا ہے ۔" وزارۃ الشؤون الاسلامیۃ و الأوقاف و الدعوۃ و الارشاد " کی نظر میں عربی زبان سے ناواقف مسلمانوں کے لئے قرآن فہمی کی راہ ہموار کرنے اور تبلیغ کی اس ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کے لئے جو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد گرامی : " بلغوا عنی و لو آیۃ " ( میری جانب سے لوگوں تک پہنچاؤ خواہ ایک ہی آیت کیوں نہ ہو ) میں بیان کی گئی ہے ، دنیا کی تمام اہم زبانوں میں قرآن مجید کے مطالب کو منتقل کیا جانا انتہائی ضروری ہے ۔خادم الحرمین الشریفین کی انہی ہدایات اور وزارت برائے اسلامی امور کے اسی احساس کے پیش نظر " مجمع الملک فہد لطباعۃ المصحف الشریف بالمدینۃ المنورۃ " اردو داں قارئین کے استفادہ کے لئے قرآن مجید کا یہ اردو ترجمہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے ۔یہ ترجمہ مولانا محمد جونا گڑھی کے قلم سے ہے اور تفسیری حواشی مولانا صلاح الدین یوسف کے تحریر کردہ ہیں ۔ مجمع کی جانب سے نظر ثانی کا کام ڈاکٹر وصی اللہ بن محمد عباس اور ڈاکٹر اختر جمال لقمان ہر دو حضرات نے انجام دیا ہے ۔ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے اس عظیم کام کو پایہء تکمیل تک پہنچانے کی توفیق دی ۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ خدمت قبول فرمائے اور لوگوں کے لئے اسے نفع بخش بنائے ۔یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ قرآن مجید کا کوئی بھی ترجمہ خواہ کیسی ہی دقت نظر سے انجام پایا ہو ، ان عظیم معانی کو کماحقہ ادا کرنے سے بہرحال قاصر رہے گا جو اس معجزانہ متن کے عربی مدلولات ہیں ۔ نیز یہ کہ ترجمہ میں جن مطالب کو پیش کیا جاتا ہے وہ دراصل مترجم کی قرآن فہمی کا ماحصل ہوا کرتے ہیں ۔ چنانچہ ہر انسانی کوشش کی طرح ترجمہء قرآن میں بھی غلطی ، کوتاہی اور نقص کا امکان باقی رہتا ہے ۔اس بنا پر قارئین سے ہماری درخواست ہے کہ انہیں اس ترجمہ میں کسی مقام پر کوئی فروگزاشت نظر آئے تو " مجمع الملک فہد لطباعۃ المصحف الشریف بالمدینۃ المنورۃ " کو ضرور مطلع فرمائیں تاکہ آئندہ اشاعت میں ان استدراکات سے فائدہ اٹھایا جا سکے ، و اللہ الموفق ، وہو الھادی الی سواء السبیل اللہم تقبل منا انک انت السمیع العلیم ۔

نوٹ: الحمدللہ! اس تفسیر کو پیش کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس با برکت اور اہم کام کے لیے منتخب کیا۔چونکہ یہ تفسیر احسن البیان (تفسیر مکی) انٹر نیٹ پر پی ڈی ایف فارمیٹ میں دستیاب ہے جس کو پڑھنے کے لئے قارئین کرام کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑھتا ہے ،اس لئے فاطمہ اسلامک سنٹر پاکستان نے خصوصی محنت سے یو نیکوڈ فارمیٹ کو واٹس اپ ،فیس بک،بلاگ،ویب سائٹ وغیرہ پر اشاعت کی ابتداء کی ہے تا کہ وہ قارئین کرام جو مطالعہ کا شوق رکھتے ہیں ،وہ اس تفسیر سے با آسانی مستفید ہو سکیں ۔یہ تفسیر صحیح احادیث کی روشنی میں ایک مختصر مگر جامع تفسیر ہے،جو ہر مسلمان کے لیے ایک قیمتی تحفہ اور ہر مومن کے لیے ایک گلدستہ ہے۔
ہم ان شاء اللہ روزانہ ایک مختصر سبق ارسال کیا کریں گے ،جس کو قارئین کرام مطالعہ کے بعد اپنے عزیز واقارب ،دوست احباب تک پہنچا کر اس کار خیر میں حصہ ملا کر اپنے لیے صدقہ جاریہ بنا سکتے ہیں۔
آخر میں ان سب موڈیڈیٹر حضرات کا احسان مند اور مشکور ہوں جنہوں نے اس کار خیر کی اشاعت میں میرے ساتھ تعاون کی پیش کش کو قبول کیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس سلسلہ کو ہر خاص وعام کیلئے نافع بنائے ،اس کے مرتب اور اس کی نشرواشاعت میں معاون ہر فرد کو جزائے خیر سے نوازے ۔آمین
imran shahzad tarar
About the Author: imran shahzad tarar Read More Articles by imran shahzad tarar: 5 Articles with 4820 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.