ایفائے عہد

اس وقت عالم انسانیت میں عموماً اور عالم اسلام میں خصوصاً کرپشن ، بد امنی ، خون ریزی ، ظلم و زیادتی اور دوسروں کی حق تلفی جیسے دگر گوں حالات کی جو ماحولیاتی آلودگی اور گھناؤنی فضاء قائم ہے اس کی بنیادی وجہ اور اس کا اصلی سبب انسانیت کا اپنی ان فطری ، جبلتی ا ور سرشتی خصائل و عادات کو یکسرنظر انداز کردینا ہے جنہیں قدرت خداوندی نے ہماری فطرت میں ودیعت فرما رکھا ہے ۔ سچ بولنا اور جھوٹ سے نفرت کرنا ، عدل و انصاف قائم کرنا اور ظلم و تعدی سے گریز کرنا ،عہد و میثاق کا ایفاء کرنا اور نقض عہد سے منقبض ہونا ، امانت داری سے کام لینا اوراس میں خیانت کرنے سے اپنے آپ کو بچانا ، لوگوں کے ساتھ اچھے اور عمدہ اخلاق سے پیش آنا اور بد اخلاقی و بد تمیزی سے کنارہ کشی اختیار کرنا ٗ قدرت الٰہیہ کی طرف سے انسان میں ودیعت رکھے گئے وہ انمول اور بیش قیمت خصائل و شمائل ہیں کہ اگر ان کا سو فی صد دنیا میں استعمال ہونے لگ جائے تو یقین جانیے! تمام عالم انسانیت امن و امان ، عدل و انصاف اور مختلف قسم کی فتوحات و برکات کا گہوارہ بن جائے اور ان کی مشک بار فضاؤں سے کائنات کا ذرہ ذرہ معطر ہوجائے۔

لیکن عجیب بات ہے کہ جوں جوں زمانہ جدت پسندی کی طرف آگے کو بڑھ رہا ہے ووں ووں وہ ان فطری اور سرشتی خصائل و شمائل سے تہی دامنی اور دوری کا شکار ہورہا ہے ۔ اس کی بنیادی وجہ جو حدیث شریف میں آئی ہے ، وہ یہ ہے کہ نبی پاک صلی اﷲ علیہ نے ارشاد فرمایا : ’’سب سے بہترین میرا زمانہ ہے ، پھر میرے بعد کا زمانہ ، پھر اس کے بعد کا زمانہ۔‘‘

اس میں شک نہیں زمانۂ نبوت کو گزرے ہوئے آج سے کم و بیش ساڑھے چودہ سوسال کا ایک طویل عرصہ بیت چکا ہے جس میں کئی طرح کے زمانے آئے ، صحابہ کرام کا زمانہ آیا ، تابعین تبع تابعین اور ائمہ مجتہدین کا زمانہ آیا ، اس کے بعد والے اولیاء اﷲ کے مختلف زمانے آئے ، مگر جو برکات و انوارات حضور اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم کے زمانہ میں تھے وہ صحابہ کے زمانے میں نہ رہے اور جو صحابہ کے زمانے میں تھے وہ تابعین اور ائمہ مجتہدین کے زمانے میں نہ رہے اسی طرح جو انوار و برکات ہمارے پرانے بزرگوں اولیاء اﷲ کے زمانے میں تھے وہ آج پندھرویں صدی کے اس گئے گزرے ہوئے دور میں ہمیں کہاں میسرآسکتے ہیں ؟ ۔

ذیل میں خیر القرون کے اسی بے مثال و باکمال عہد زریں کی ایک ہلکی سی جھلک پیش کی جاتی ہے، جس سے آپ کو آج کل کے اس ترقی یافتہ دورِ جدید کی حقیقت آپ کی آنکھوں کے سامنے آشکارا ہوجائے گی۔

یہ سنہ 13 ہجری ہے ، حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ مسند خلافت بر اجمان ہیں ، در بارِ خلافت عدل و انصاف میں سرگرم عمل ہے ، اکابر صحابہ موجود ہیں اور مختلف معاملات میں پیش رفت جاری ہے کہ دیکھا کہ ایکا ایکی دو نوجوان شخص ایک خوب رو نوجوان کو پکڑ کر لارہے ہیں اور دربارِ خلافت میں پیش کرتے ہوئے فریاد کرتے ہیں : ’’ اے امیر المؤمنین! اس ظالم سے ہمارا حق دلوایئے ، اس نے ہمارے بوڑھے والد کو قتل کردیا ہے ۔‘‘ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ نے اس نوجوان کی طرف دیکھا اور فرمایا: ’’ان دونوں کا یہ دعویٰ تیرے خلاف سچا ہے؟۔‘‘اس نے عرض کیا: ’’ جی ہاں ! یہ دونوں اپنے دعوے میں سچے ہیں ، واقعی ان کا بوڑھا باپ میرے ہاتھ سے قتل ہوا ہے۔‘‘حضرت عمر رضی اﷲ عنہ نے فرمایا: ’’تجھے معلوم ہے کہ اب بدلے میں تجھے بھی قتل کیا جائے گا اور اس کے قصاص میں تجھے اپنی جان دینی پڑے گی؟ ۔‘‘ نوجوان نے تھوڑی دیر تک سر جھکائے رکھا اور پھر بولا: ’’خلیفہ کا حکم اور شریعت کا فتویٰ ماننے میں مجھے کوئی عذر نہیں ، لیکن میری ایک حاجت ہے ۔‘‘ حضرت عمر رضی اﷲ نے پوچھا : ’’ کیا حاجت ہے؟‘‘نوجوان نے عرض کیا : ’’ میرا ایک چھوٹا اور نابالغ بھائی ہے ، میرے والد مرحوم نے کچھ سونا میرے حوالے کیا تھا کہ جب یہ بالغ ہوجائے تو میں اس کے سپرد کردوں۔سونا میں نے زمین میں ایک جگہ دفنایا ہوا ہے جس کا علم سوائے میرے اور میرے اﷲ کے اور کسی کو نہیں ۔ اگر وہ امانت میرے چھوٹے بھائی تک نہ پہنچ سکی تو قیامت کے دن عند اﷲ میں مجرم شمار کیا جاؤں گا ۔ اس لئے میں چاہتا ہوں کہ مجھے تین دن کی ضمانت پر چھوڑ دیا جائے ۔‘‘ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ نے اپنا سر جھکا لیا اور اس مسئلہ پر غور و خوض کرنے کے بعد سر اٹھایا اوررشاد فرمایا: ’’ اچھا تیری ضمانت کون دیتا ہے کہ تین دن کے بعد تو تکمیل قصاص کے چلا آئے گا؟۔‘‘ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ کے اس ارشاد پر نوجوان نے اپنے اردگرد بیٹھے چاروں طرف کے لوگوں کے چہروں پر ایک نظر دوڑائی اور حضرت ابو ذرغفاری رضی اﷲ عنہ کی طرف اشارہ کرکے کہنے لگا : ’’ یہ میری ضمانت دیں گے۔‘‘ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ نے پوچھا :ـ ’’ ابوذر ! آپ اس نوجوان کی ضمانت دیتے ہو ؟۔‘‘ انہوں نے عرض کیا : ’’ جی ہاں!میں اس بات کی ضمانت دیتا ہوں کہ یہ نوجوان تین دن کے بعد حاضر ہوجائے گا۔‘‘یہ ایسے جلیل القدر صحابی کی ضمانت تھی کہ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ بھی راضی ہوگئے اور ان دونوں مدعیوں نے بھی اپنی رضامندی کا اظہار کردیا اور وہ شخص چھوڑ دیا گیا۔

اب تیسرا دن تھا ٗ حضرت عمررضی اﷲ عنہ کا دربارِ خلافت اسی ٹھاٹھ باٹھ کے ساتھ سجا ہوا تھا ، تمام جلیل القدر صحابہ بھی موجود تھے ، وہ دونوں مدعی نوجوان بھی حاضر ہوگئے اور حضرت ابو ذر غفاری رضی اﷲ عنہ بھی تشریف لے آئے اور وقت مقررہ پر اس مجرم نوجوان کا انتظار ہونے لگا ، مگر جوں جوں وقت گزرتا جاتاتوں توں اس مجرم نوجوان کا انتظار بڑھتا جاتا ۔ صحابہ کرام میں حضرت ابوذر غفاری رضی اﷲ عنہ کی نسبت تشویش پیدا ہوگئی ۔ ان دونوں نوجوانوں نے آگے بڑھتے ہوئے حضرت ابو ذرغفاری رضی اﷲ سے کہا : ’’ ہمارا مجرم کہاں ہے؟‘‘ لیکن آپ نے کمالِ استقلال اور انتہائی ثابت قدمی سے جواب دیا : ’’ اگر تیسرے دن کا وقت مقررہ گزرگیا اور وہ نہ آیا تو اﷲ کی قسم! میں اپنی ضمانت پوری کروں گا ۔‘‘ یہ سن کر عدالت فاروقی بھی جوش میں آگئی ، حضرت عمر رضی اﷲ عنہ سنبھل کر بیٹھنے لگے اور ارشاد فرمایا: ’’اگر وہ نہ آیا تو ابوذر کی نسبت وہی کار روائی کی جائے گی جو شریعت اسلامی کا تقاضا ہے۔‘‘ یہ سنتے ہی صحابہ میں تشویش پیدا ہوگئی ۔ بعض آب دیدہ اور بعض کی آنکھوں سے بے اختیار آنسوجاری ہوگئے ۔ لوگوں نے مدعیوں سے کہنا شروع کردیا کہ: ’’ تم خون بہا قبول کرلو!۔‘‘مگرانہوں نے قطعی طور پر اس کا انکار کردیا اور کہا کہ : ’’ ہم خون کے بدلے خون ہی لینا چاہتے ہیں۔‘‘ ابھی لوگ اسی پریشانی میں تھے کہ دیکھا اچانک وہ نوجوان مجرم نمودار ہوگیا ، حالت یہ تھی کہ وہ پسینے سے بری طرح شرابور تھا اور اس کا سانس پھولا ہوا تھا ۔ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ کے سامنے حاضر ہوا اور جندہ جبینی کے ساتھ سلام کیا اور عرض کیا کہ : ’’میں اپنے بھائی کو ماموں کے سپرد کر آیا ہوں اور اس کی امانت سے انہیں خبردار کرآیا ہوں ، لہٰذا اب اﷲ اور اس کے رسول کا حکم مجھ پر جاری کردیا جائے۔‘‘

حضرت ابوذر غفاری رضی اﷲ عنہ نے عرض کیا اے امیر المؤمنین! اﷲ کی قسم! میں اس شخص کو جانتا تک نہ تھا کہ یہ کون ہے اور کہاں کا رہنے والا ہے؟ نہ اس روز سے پہلے کبھی اس کی صورت دیکھی ہے مگر جب اس نے سب کو چھوڑ کر مجھے اپنا ضامن بنایا تو مجھے انکار ٗمروت کے خلاف معلوم ہوا اور اس کے چہرے نے مجھے یقین دلادیا کہ یہ شخص اپنے عہد میں سچا ہوگااس لئے میں نے اس کی ضمانت لے لی تھی۔‘‘ اس مجرم نوجوان شخص کے ا س طرح اچانک آپہنچنے سے حاضرین میں کچھ ایسا غیر معمولی جوش پیدا ہوگیا تھا کہ ان دونوں مدعی نوجوانوں نے خوشی میں آکرعرض کیا : اے امیر المؤمنین!ہم اس نوجوان سے اپنے باپ کا خون معاف کرتے ہیں۔‘‘یہ سنتے ہی حاضرین مجلس سے ایک نعرہ مسرت بلند ہوا اور حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کا چہرہ بھی مسرت سے کھلنے لگا اور آپ نے ان مدعی نوجوانوں سے فرمایا: ’’تمہارے باپ کا خون بہا میں بیت المال سے ادا کروں گا ۔‘‘ مگر انہوں نے خون بہا لینے سے یہ کہہ کر انکار کردیاکہ ہم نے اس شخص کے ایفائے عہد کے خاطر اﷲ تعالیٰ کی خوش نودی کے لئے اسے معاف کردیاہے اس لئے اب ہمیں کچھ بھی لینے کا حق حاصل نہیں رہا۔‘‘
Mufti Muhammad Waqas Rafi
About the Author: Mufti Muhammad Waqas Rafi Read More Articles by Mufti Muhammad Waqas Rafi: 188 Articles with 254133 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.