میچ دیکھیں ضرور۔۔ مگر ذرا سنبھل کے……!!!

پی ایس ایل 2017ء فائنل

اپنی اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہوئے اپنے بڑوں کے ساتھ ساتھ رہیں

پیارے بچو! آج کل کرکٹ فیور (بخار)میں ہر کوئی مبتلا نظر آرہا ہے ،یقینا آپ’’ بچہ لوگ‘‘بھی کرکٹ کے شوقین ہوں گے اور آپ میں سے اکثربچے کرکٹ کے کھلاڑیوں کے فین بھی ہوں گے اور آپ میں سے اکثر بچے ایسے بھی ہیں جنھوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنے ملک میں کھیلتے شاذونادر ہی دیکھا ہو گا کیونکہ 2009ء کے بعد سے پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کو نظر لگ گئی۔ آپ نے یقیناً اپنے بڑوں سے سنا بھی اور کچھ بچے تو جانتے ہوں گے کہ 2009ء میں سری لنکا کی ٹیم جب پاکستان دورے پر تھی تو کھلاڑیوں کی بس پر دہشت گردوں کے حملے نے دُنیا کے دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں کی پاکستان میں آمد پر خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ دُنیا کے دیگر کرکٹ ممالک کی حکومتیں بھی پاکستان میں اپنے کھلاڑیوں کو بھیجنے سے کتراتی رہی ہیں جس سے پاکستان کا ہوم گراؤنڈ دبئی، شارجہ کے کرکٹ سٹیڈیم بن گئے۔ بہرحال بات کرتے ہیں دورِحاضر کی!!!

دوستو! گزشتہ ماہ سے آپ پاکستان سپرلیگ کا ٹورنامنٹ دیکھ رہے ہوں گے اور ٹورنامنٹ میں لاہور، کوئٹہ، کراچی ، اسلام اور پشاور کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مختلف رنگ برنگی لباس میں ملبوس ان میچز میں کھیلتے دیکھ رہے ہوں گے۔ گو کہ آپ کے سالانہ امتحانات کا آغازہوچکا ہے اوران دنوں زور وشور سے پیپر ہورہے ہیں جب کہ میچز کے اوقاتِ کار بھی شام سے رات گئے تک ہوتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ ماما بابا کے بار بار کہنے پر کہ ’’جلدی سو جاؤ، صبح پیپر ہے ،دیر ہو جائے گی‘‘ لیکن آپ بھی ’’امی بس ایک اوور‘‘ کہتے کہتے تقریباً پورا میچ دیکھ کر ہی سوتے ہیں اور صبح پیپر حل کرنے کے بعد اپنے دوستوں سے دلچسپ تبصرے کرتے ہیں اور کیوں نہ تبصرہ کریں جناب! ’’اصل میں آپ کے دوستوں میں کچھ کی سپورٹ کراچی کنگز سے ہے اور کچھ پشاور زلمی کو شاہد آفریدی کی وجہ سے سپورٹ کررہے ہیں۔ مقابلہ چاہے کیسا بھی ہو اور جو بھی فائنل میں پہنچے مگر فائنل مقابلہ تو پاکستان کے دل ’’لاہور‘‘ کے قذافی سٹیڈیم میں ہی ہونا ہے۔

فائنل کے لیے ٹکٹوں کا رش بھی آپ نے دیکھا ہو گا لیکن اس رش کے باوجود آپ نے اپنے امی ابو سے ضد ضرور کی ہو گی کہ فائنل میچ کیونکہ چھٹی والے دن ہے، اس لیے ہم نے فائنل دیکھنے جانا ہے۔ جب ماما پاپا کسی نہ کسی بہانے سے آپ کو روکنے کی کوشش کررہے ہوں گے لیکن آپ کے چند دوست تو میچ دیکھتے جائیں گے تو ایسے میں پیارے بچو! آپ کو احتیاط سے کام لینا ہے کہ اگر آپ میچ دیکھنے جائیں تو اپنے حوالے سے حفاظتی اقدامات کرلیں۔ بھئی!! بات یہ ہے کہ آج کل کے حالات آپ کے سامنے ہیں اور حکومت نے سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹیڈیم میں موبائل جیمرز لگا دیئے ہیں جس سے قذافی سٹیڈیم کی حدود میں داخل ہوتے ہی موبائل جام ہو جائیں گے۔ ایسے میں آپ اپنے ماما پا،بابا یاپھرگھر کے جس بڑے فرد کے ساتھ بھی میچ دیکھنے قذافی سٹیڈیم جائیں تو آپ کواپنے بڑوں کے ساتھ ساتھ رہنا چاہیے۔اپنے بابا کے ہاتھ میں ہاتھ ڈالے اپنے انکلوژرمیں رہیں اور گھر سے نکلتے وقت اپنے ساتھ چپس ،سنیکس اور بسکٹس وغیرہ پہلے ہی خرید کر لے جائیں تاکہ آپ کو بھوک لگتے ہی یہ چیزیں آپ کھا سکیں لیکن پانی کی بوتلیں یا پھل وغیرہ ساتھ نہ رکھیں کیونکہ یہ چیزیں سیکورٹی حکام آپ سے لے لیں گے۔

سٹیڈیم میں رش کے پیشِ نظر آپ کو میچ کے آغاز سے 2 سے 3گھنٹے پہلے پہنچنا ہو گا اور اپنے بڑوں کے ساتھ ساتھ رہتے ہوئے دھکم پیل سے بچنا ہے۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ سٹیڈیم میں میچ کے دوران غیرملکی کھلاڑیوں کو بھی آپ کھیلتا دیکھیں گے اور دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اگر پشاور زلمی فائنل میں پہنچتی ہے تو شاہد آفریدی کی جارحانہ بیٹنگ اور اگر کراچی کنگز فائنل میں آتی ہے تو کرس گیل یا کیرن پولارڈ کے بلند وبانگ چھکے آپ کا مزہ دوبالا کردیں گے اور بابا کے ٹکٹس کے پیسے بھی پورے ہو جائیں گے۔ہماری دعا ہے کہ آپ خیرو عافیت سے میچ دیکھ کر گھر واپس آئیں(آمین) اور آئندہ بھی ان صفحات کو ملاحظہ کرسکیں۔یاد رہے!میچ دیکھنے کے بعداپنے تاثرات دینا نہ بھولیے گا۔۔!!
٭……٭……٭

ڈیک:
ماما بابا کے بار بار کہنے پر کہ ’’جلدی سو جاؤ، صبح پیپر ہے ،دیر ہو جائے گی‘‘ لیکن آپ بھی ’’امی بس ایک اوور‘‘ کہتے کہتے تقریباً پورا میچ دیکھ کر ہی سوتے ہیں اور صبح پیپر حل کرنے کے بعد اپنے دوستوں سے دلچسپ تبصرے کرتے ہیں اور کیوں نہ تبصرہ کریں جناب!

Rehman Mehmood Khan
About the Author: Rehman Mehmood Khan Read More Articles by Rehman Mehmood Khan: 38 Articles with 43823 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.