’پی ایس ایل اختتام پذیر ہوا ’’، پاکستان اورامن کی
جیت جبکہ دہشت کی شکست ہوئی ‘‘، میں نے بھی سب کی ہاں میں ہاں ملائی کے
واقعی پاکستان جیت گیا،امید جیت گئی ،امن فاتح قرارپایا،عوام کی زندہ دلی
خوف پرغالب آئی اوردہشت گرد ناکام ونامرادہوئے۔پاکستان کے سکیورٹی اداروں
نے ٹیم ورک کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ جیت لی اور دہشت گردی
پرکاری ضرب لگادی گئی ۔پاکستان نے کافی حد تک معاشی مدوجذر کا انت کر
ڈالا۔پاکستان نے تمام تر تلاطم خیز مرحلوں سے نکل کر معاشی ترقی کے لیئے
ایک اور راہ ہموار کر دی ہے۔پورے ملک میں اس تاریخی کامیابی کا جشن منایا
جا رہا تھا کہ دور فٹ پاتھ پر بیٹھے ٹکٹکی باندھے تماشا ئیوں کی تعداد بڑھ
گئی جن کے چہرے بے تاثرتھے ، نہ خوشی کا کوئی نشان ،نہ جیت کی رعنائیوں سے
انس۔ تجسس بھرے عالم میں قدم آگے بڑھا تو معلوم ہوا کہ اس قدر ترقی اور
دہشت گردی کو منہ توڑ جواب افواج، قانون نفاذ وں کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی
متحدہ عمل تھا، جس کی بدولت بین الاقوامی کھلاڑی بھی ا س سرزمین پر قدم
رکھنے پر آمادہ ہوئے تھے کہ یہاں کے لوگوں کا جذبہ کئی جانوں سے بڑھ کر ہے
۔
اب انہیں لوگوں کے مستقبل کا حال کب تک بدلے گا؟ جنھوں نے ایک ایسا پلیٹ
فارم مہیا کیا تھا جو ہر طرح کے خطرے سے آ زاد تھا۔کوئی ڈر، کوئی خوف کا
نشان تک باقی نہیں تھا۔اب ان غریبوں ، ان ضرورت مندوں کی وہ ابتر معاشی
حالت کے لیئے معاوضہ کیا ملے گا؟کب ملے گا؟؟ ۔اگلے پی۔ایس۔ایل تک یونہی
انتظار کرنا پڑے گا؟ یا پھر اگلے کسی دھماکے میں انہی چہروں اور ہاتھوں پر
خون کے دھبے پائے جانے کا انتظار کرنا ہے؟؟ حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ اور
تمام قانون محافظوں سے التجا ہے کہ ــ’اک نظر ان تمام خاندانوں پر بھی
جنھوں نے اس نازک مرحلے میں پاکستان کو ایک مثالی روشن باب تک پہنچا کر
اگلے پی۔ایس۔ایل کی ضمانت کے تائید کے لئے اپنے حوصلے پست ہونے نہیں
دیئے‘۔سٹیٹ بنک آف پاکستان کی تحقیق شدہ رپورٹ کے مطابق پاکستان معاشی ترقی
کے دوراہے کو پار کر کے بھارت سے دو قدم آگے تو سرک چکا ہے مگر اب سوال یہ
پیدا ہوتا ہے کہ شرحِ تعلیم 59.9 فیصد سے آگے بڑھتی ہے یا ادھر ہی فل سٹاپ
لگتا ہے۔ غربت کی شرح 12.4فیصد سے گھٹتی ہے یا بڑھتی ہے۔اگلے حکومتی
اقدامات ان تمام چیلنجز کا سامنا کیسے کرتے ہیں ۔اس سوال کے جواب کے لئے ہی
وہ تمام چہرے بے تاثر ہیں اور سوچنے پر مجبور ہیں کہ پاکستان اندرونی جنگ
کب جیتے گا کے ہمارے ہاں بھی جشن منایا جائے۔دہشت گردی کی جڑیں کھوکھلی
ہوئیں اب غربت کا قلع قمع اور پھر کرپشن کا خاتمہ ہونے کی صورت میں حقیقتاََ
فٹ پاتھوں پر یوں بے تاثر چہرے نہیں ملیں گے اور یقینا ـ ــ ــ’’پاکستان
جیت گیا‘‘ کہنے والوں میں ہر چھوٹا بڑا طبقہ شامل ہوگا۔ |