حضور اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ: جب
شعبان کی پندرہویں رات ہو تو اس میں نوافل پڑھو اور پندرہ کو دن میں روزہ
رکھوبے شک وہ رات برکت والی ہے اور اﷲ تعالیٰ اس مبارک رات میں ارشاد
فرماتا ہے: کون ہے مغفرت مانگنے والا کہ میں اس کو بخش دوں اور کون عافیت
طلب کرنے والا کہ اس کو عافیت عطا فرماؤں اور کون ہے روزی مانگنے والا میں
اسے روزی عطا کروں، ہے کوئی یہ مانگنے والا،ہے کوئی یہ مانگنے والا، صبح
صادق طلوع ہونے تک یہ ندائیں اور بخششیں ہوتی رہتی ہیں۔
مختصر عمل: اجر بے حساب
ماہ شعبان کی چودہ (۱۴) تاریخ کو قبل مغرب چالیس مرتبہ لَاحَوْلَ وَلَا
قُوَّۃَ اِلَّا بِااللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ اور سو (۱۰۰) مرتبہ درود
شریف پڑھنے کے نتیجے میں چالیس برس کے گناہ معاف ہوتے ہیں۔ بہشت میں خدمت
کے لئے چالیس حوریں مامور کردی جاتی ہیں ۔ (مفتاح الجنان)
آفات و بلیات سے نجات
نماز مغرب کے بعد ۶؍ رکعات نوافل اس طرح پڑھیں کہ دو رکعت نماز نفل برائے
درازی عمر بالخیرپڑھیں، پھر سورۃ یٰسین پڑھ کر مزید دورکعت نفل برائے ترقی
و کشادگی رزق پڑھیں، پھر سورۃ یٰسین پڑھ کر مزید دو رکعت نفل برائے دفع
بلیات و استغفار پڑھیں پھر سورۃ یٰسین پڑھ کر دعائے شعبان پڑھنے کے نتیجے
میں انشاء اﷲ ایک سال تک محتاجی اور آفات قریب نہیں آئیں گی۔
صلوۃ الخیر
حضرت خواجہ حسن بصری علیہ الرحمۃ والرضوان فرماتے ہیں کہ '' مجھے تیس صحابہ
علیہم الرضوان نے بیان کیا ہے کہ اس رات جو شخص یہ نماز خیر پڑھتا ہے تو اﷲ
تعالیٰ اس کی طرف ستر مرتبہ نظر رحمت فرماتا ہے ایک نظر میں ستر حاجتیں
پوری فرماتا ہے جن میں سب سے ادنیٰ حاجت گناہوں کی مغفرت ہے اس طرح کل چار
ہزار نو سو حاجتیں پوری ہوتی ہیں۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ دو دورکعت کر کے
صلوٰۃ خیر مستحب کی نیت باندھیں، ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ کے بعد دس بار
سورۃ اخلاص پڑھیں۔ پچاس نمازوں کی سو رکعتوں میں ایک ہزار مرتبہ سورۃ اخلاص
پڑھیں گے۔
گناہوں کی معافی
آٹھ رکعت نفل دو دو کرکے پڑھیے، ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ کے بعد ۲۵؍ مرتبہ
سورۃ اخلاص پڑھ کر خلوص دل سے توبہ کریں اور درج ذیل دعا کھڑے ہوکر بیٹھ کر
اور سجدے میں ۴۴ مرتبہ پڑھیں ۔ گناہوں سے ایسے پاک ہوجائیں گے جیسے کہ آج
ہی پیدا ہوئے ہوں۔اَللّٰہُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ کَرِیْمٌ تُحِبُّ الْعَفْوَ
فَاعْفُ عَنِّیْ یَا غَفُوْرُ یَا غَفُوْرُ یَا غَفُوْرُ یَا کَرِیْمُ۔
رزق میں برکت
دورکعت نماز ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ کے بعد آیت الکرسی ایک مرتبہ ، سورۃ
اخلاص پندرہ مرتبہ پڑھیں۔ سلام کے بعد سو مرتبہ درود شریف پڑھیں پھر تین سو
تیرہ مرتبہ یَاوَہَّابُ یَا بَاسِطُ یَارَزَّاقُ یَا مَنَّانُ یَا لَطِیْفُ
یَا غَنِیُّ یَا مُغْنِیُّ یَا عَزِیْزُ یَا قَادِرُ یَا مُقْتَدِرُ کا
وظیفہ پڑھنے سے کاروبار میں برکت اور رزق میں وسعت ہوجاتی ہے۔
موت کی سختی آسان
چار رکعت پڑھیں ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ کے بعد سورۃ تکاثر ایک مرتبہ
اورسورۂ اخلاص تین دفعہ پڑھ کر سلام کے بعد سورۃ ملک اکیس مرتبہ اور سورۃ
توبہ کی آخری دو آیتیں اکیس دفعہ پڑھنے سے انشاء اﷲ والرسول صلی اﷲ علیہ
وسلم موت کی سختیوں اور قبر کے عذاب سے محفوظ رہیں گے۔
صلوۃ التسبیح
حضور اکرم نور مجسم صلی اﷲ علیہ وسلم نے حضرت عباس رضی اﷲ تعالی عنہ سے
فرمایا: اے چچا!کیا میں تم کو عطا نہ کروں، کیا میں تم کو بخشش نہ کروں،
کیا میں تم کو نہ دوں، کیا میں تمہارے ساتھ احسان نہ کروں، دس فوائد ہیں کہ
جب تم یہ کرو تو اﷲ تعالیٰ تمہارے گناہ بخش دے گا۔ اگلا، پچھلا، پرانا ،
نیا ، جو بھولے سے کیا جو قصدًا کیا، چھوٹا ہو ، بڑا ہو ، پوشیدہ ہو یا
ظاہر ہو۔ اس کے بعد صلوۃ التسبیح کی ترکیب تعلیم فرمائی، پھر فرمایا کہ اگر
تم سے ہو سکے تو ہر روز ایک بار پڑھا کرو یا پھر جمعہ کے دن ایک بار یا ہر
ماہ میں ایک بار یا سال میں ایک بار یہ بھی نہ ہوسکے تو زندگی میں ایک بار
ضرور پڑھو۔ طریقہ یہ ہے کہ نیت کے بعد تکبیر تحریمہ کہہ کر ثنا پڑھیں، پھر
تسبیح سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُلِلّٰہِ وِلَا اِلٰہَ اِلَّااللّٰہُ
وَاللّٰہُ اَکْبَرُ پندرہ بار پھر تعوذ ، تسمیہ ،سورۃ فاتحہ اور کوئی بھی
سورۃ پڑھ کر رکوع میں جانے سے پہلے دس بار یہی تسبیح پڑھیں پھر رکوع میں دس
بار، رکوع سے سر اٹھا کر قومہ میں تحمید کے بعد دس بار پھر سجدہ میں دس بار
دونوں سجدوں کے درمیان جلسے میں دس بار، دوسرے سجدہ میں دس بار اس طرح
چاروں رکعت میں پڑھیں ہر رکعت میں پچھتر(۷۵) بار چاروں رکعتوں میں تین سو
(۳۰۰) بار تسبیح پڑھی جائے گی۔ یہ واضح رہے کہ دوسری ، تیسری اور چوتھی
رکعتوں کے شروع میں فاتحہ سے پہلے پندرہ بار اور رکوع سے پہلے دس بار یعنی
قیام میں پچیس (۲۵) بار اور رکوع و سجود میں سُبْحَانَ رَبِّیَ الْعَظِیْم
اور سُبْحَانَ رَبِّیَ الْاَعْلیٰ تین مرتبہ پڑھ کر پھر تسبیح دس دس بار
پڑھیں گے۔
اللّٰہ تعالیٰ کا دیدار
اس نعمت کے وہ مستحق ہوں گے جو پندرہ شعبان کا روزہ رکھیں اور بعد نماز ظہر
چار رکعت دو دو کر کے اس طرح پڑھیں کہ پہلی رکعت میں فاتحہ کے بعدسورۃزلزال
ایک بار،سورۃ اخلاص دس بار، دوسری رکعت میں سورۃ تکاثر ایک بار، سورۃاخلاص
دس بار، دوسری نماز کی پہلی رکعت میں سورۃ فاتحہ کے بعد سورۃ کافرون تین
دفعہ ،سورۃ اخلاص دس بار اور آخری رکعت میں آیت الکرسی تین دفعہ، سورۃ
اخلاص پچیس بار، جو یہ عمل کریں گے تو روز محشر اﷲ تعالیٰ کے دیدار سے مشرف
ہوں گے۔ نیز اﷲ تعالیٰ بھی ان کی طرف نظر کرم فرمائے گا۔
قضا نماز کی ادائیگی کا طریقہ
قضا ہرروز کی نماز کی فقط بیس رکعتوں کی ہوتی ہے ۔دو فرض فجر کے ، چارظہر ،چار
عصر ، تین مغرب ، چار عشا کے تین وتر۔ اور قضا میں یوں نیت کرنی ضروری ہے
کہ نیت کی میں نے پہلی فجر جو مجھ سے قضا ہوئی یا پہلی ظہر جو مجھ سے قضا
ہوئی ، اسی طرح ہمیشہ ہر نماز میں کیا کرے اور جس پر قضا نمازیں بہت کثرت
سے ہیں وہ آسانی کے لیے اگریوں بھی ادا کرے تو جائز ہے کہ ہر رکوع اور ہر
سجدہ میں تین تین بار’’ سبحان ربی العظیم،سبحان ربی الاعلی‘‘ کی جگہ صرف
ایک بار کہے، مگر یہ ہمیشہ ہر طرح کی نماز میں یاد رکھنا چاہیے کہ جب آدمی
رکوع میں پورا پہنچ جائے اس وقت سبحان کا سین شروع کرے اور جب عظیم کا میم
ختم کرے اس وقت رکوع سے سراٹھائے اسی طرح جب سجدوں میں پورا پہنچ لے اس وقت
تسبیح شروع کرے اور جب پوری تسبیح ختم کرلے اس وقت سجدہ سے سر اٹھائے۔ بہت
سے لوگ جورکوع سجدہ میں آتے جاتے یہ تسبیح پڑھتے ہیں بہت غلطی کرتے ہیں ایک
تخفیف کثرت قضا والوں کی یہ ہوسکتی ہے ، دوسری تخفیف یہ کہ فرضوں کی تیسر ی
ا ور چوتھی رکعت میں الحمد شریف کی جگہ سُبْحَانَ اﷲِ، سُبْحَانَ اﷲِ،سُبْحَانَ
اﷲِ تین بار کہہ کر رکوع میں چلے جائیں مگر وہی خیال یہاں بھی ضروری ہے کہ
سیدھے کھڑے ہو کرسُبْحَانَ اﷲِشروع کریں اور سُبْحَانَ اﷲِ پورے کھڑے کھڑے
کہہ کر رکوع کے لیے سر جھکائیں ، یہ تخفیف فقط فرضوں کی تیسری چوتھی رکعت
میں ہے۔ وتروں کی تینوں رکعتوں میں الحمد اور سورت دونوں ضرورپڑھی جائیں،
تیسری تخفیف پہلی التحیات کے بعد دونوں درودوں اور دعا کی جگہ صرف
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّآلِہٖ کہہ کر سلام پھیردیں چوتھی
تخفیف وتروں کی تیسری رکعت میں دعائے قنوت کی جگہ اﷲاکبر کہہ کر فقط ایک یا
تین بار’’ رَبِّ اغْفِرْ لِیْ‘‘ کہے ۔واﷲتعالیٰ اعلم(فتاویٰ رضویہ جلدسوم،ص
۶۲۱،۶۲۲)اﷲ رب العزت صاحب معراج صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے صدقہ وطفیل ہم
سب کوصراط مستقیم پر چلنے کی توفیق بخشے۔آمین
٭٭٭ |