عرفہ کا روزہ : ایک تحقیقی جائزہ

احادیث میں یوم عرفہ کی بڑی فضیلت آئی ہے ایک طرف حجاج کے لئے وقوف عرفات کا دن ہیجس دن اﷲ تعالیٰٰ عرفات میں وقوف کرنے والوں پر فخر کرتاہے اور کثرت سے انہیں جہنم سے رستگاری دیتا ہے تود وسری طرف عام مسلمانوں کے لئے اس دن روزہ رکھنے کا حکم ملاہے جو ایک سال گذشتہ اور ایک سال آئندہ کے گناہوں کا کفارہ ہے۔
چنانچہ ابوقتادہ رضي اﷲ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اﷲ علیہ وسلم سے صیام عرفہ کیبارے میں پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا:
یکفر السنۃ الماضیۃ والباقیۃ (صحیح مسلم:1162)
ترجمہ: یہ گذرے ہوئے اورآنے والے سال کے گناہوں کاکفارہ ہے۔
اس روزے سے متعلق آج سے پہلے کوئی اختلاف نہیں پایا جاتا تھا مگر آج گلوبلائزیشن (میڈیاکی وجہ سے ایک گھرآنگن)کی وجہ سے لوگوں کے درمیان یہ اختلاف پیداہوگیا کہ عرفہ کا روزہ کب رکھاجائے؟ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ روزہ سعودی عرب کے حساب سے وقوف عرفہ والے دن رکھنا ہے اور بعض کا کہنا ہے کہ ہرملک والا اپنے یہاں کی تاریخ سے 9/ذی الحجہ کا روزہ رکھے گا۔
اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے ہمیں دیکھنا ہوگا کہ روزہ کے سلسلہ اسلامی احکام کیا ہیں تب آپ خود بات واضح ہوجائے گی۔
روزہ سے متعلق اسلام کے دو اہم قاعدے ہیں۔
پہلا قاعدہ: رویت ہلال کا ہے یعنی روزہ رکھنے میں چاند دیکھنے کا اعتبار ہوگاجسے عربی میں قمری نظام بھی کہہ سکتے ہیں۔
بخاری شریف میں آپ ﷺ کا حکم ہے۔
صوموا لرویتہ وافطروا لرویتہ فان غبی علیکم فاکملوا عدۃ شعبان ثلاثین(صحیح البخاري:1909)
ترجمہ: چاند دیکھ کر روزہ رکھو اور چاند کو دیکھ کر روزوں کا اختتام کرو اور اگر تم پر چاند مخفی ہو جائے تو پھر تم شعبان کے تیس دن پورے کر لو۔
یہ حدیث روزہ سے متعلق عام ہے خواہ کوئی بھی روزہ ہو اس میں یہی حکم لگے گا یعنی روزہ میں اپنے اپنے ملک کی رویت کا اعتبار ہوگا۔ اسی وجہ سے دیکھتے ہیں کہ رمضان ?ا روزہ رکھنے کے لئے چاند دیکھا جاتا ہے نہ کہ سعودی عرب کواوراسی طرح جب افطارکیاجاتاہے تو اس وقت بھی چاند ہی ڈوبنے کا انتظار کیاجاتا ہے۔
دوسرا قاعدہ: اختلاف مطالع کا ہے۔
ایک شہر کی رویت قریبی ان تمام شہر والوں کے لئے کافی ہوگی جن کا مطلع ایک ہو۔ مطلع کے اختلاف سے ایک شہر کی رویت دوسرے شہر کے لئے نہیں مانی جائے گی۔ دلیل:
ان ام الفضل بنت الحارث بعثتہ الی معاویۃ بالشام ،قال: فقدمت الشام فقضیت حاجتھا واستھل علی رمضان وانا بالشام ، فرایت الھلال لیلۃ الجمعۃ ثم قدمت المدینۃ فی آخرالشھر فسالنی عبداﷲ بن عباس رضی اﷲ عنھما ،ثم ذکرالھلال فقال : متی رایت الھلال فقلت : راینا ہ لیلۃ الجمعۃ ،فقال: انت رایتہ ؟ فقلت : نعم ، وراہ الناس وصامواوصام معاویۃ ، فقال : لکنا رایناہ لیلۃ السبت ،فلاتزال نصوم حتی نکمل ثلاثین اونراہ ، فقلت : اوتکتفی برویۃ معاویۃ وصیامہ ؟فقال : لا۔ ھکذا امرنا رسول اﷲ ﷺ (صحیح مسلم:1087)
ترجمہ: حضرت ام الفضل رضی اﷲ عنہا۔ حضرت کریب کو اپنے ایک کام کے لیے حضرت معاویہ کے پاس شام میں بھیجتی ہیں۔ حضرت کریب فرماتے ہیں کہ وہاں ہم نے رمضان شریف کا چاند جمعہ کی رات کو دیکھا میں اپنا کام کر کے واپس لوٹا یہاں میری باتیں عبد اﷲ بن عباس رضی اﷲ عنہما سے ہو رہی تھیں۔
آپ نے مجھ سے ملک شام کے چاند کے بارے میں دریافت فرمایا تو میں نے کہا کہ وہاں چاند جمعہ کی رات کو دیکھا گیا ہے، آپ نے فرمایا تم نے خود دیکھا ہے؟ میں نے کہا جی ہاں میں نے بھی دیکھا۔ اور سب لوگوں نے دیکھا، سب نے بالاتفاق روزہ رکھا۔ خود جناب امیر معاویہ رضی اﷲ عنہ نے بھی روزہ رکھا۔ آپ نے فرمایا ٹھیک ہے، لیکن ہم نے تو ہفتہ کی رات چاند دیکھا ہے، اور ہفتہ سے روزہ شروع کیا ہے، اب چاند ہو جانے تک ہم تو تیس روزے پورے کریں گے۔ یا یہ کہ چاند نظر آ جائے میں نے کہا سبحان اﷲ! امیر معاویہ رضی اﷲ عنہ اور اہل شام کا چاند دیکھا۔ کیا آپ کو کافی نہیں؟ آپ نے فرمایا ہر گز نہیں ہمیں رسول اﷲ ﷺ نے اسی طرح حکم فرمایا ہے۔
یہ حدیث مسلم، ترمذی، نسائی، ابو داو?د وغیرہ میں موجود ہے، اس حدیث پہ محدثین کے ابواب سے بات اور بھی واضح ہوجاتی ہے۔
صحیح مسلم کا باب: باب بیان ان لکل بلد رویتھم وانھم اذا راوا الھلال ببلد لایثبت حکمہ لما بعد عنھم
ترمذی کا باب: باب ماجاء لکل اھل بلد رویتھم
نسائی کا باب: باب اختلاف اھل الآفاق فی الرویۃ
ان دونوں اصولوں کی روشنی میں عرفہ کا روزہ بھی اپنے ملک کے حساب سے 9/ذی الحجہ کو رکھا جائے گا۔ یہی بات دلائل کی رو سے ثابت ہوتی ہے۔
اگر روزے سے متعلق رویت ہلال کا حکم نکال دیا جائے تو روزہ بے معنی ہوجائے گا، ایک دن کا بھی کوئی روزہ نہیں رکھ سکتا ہے، نہ سحری کھاسکتا اور نہ ہی افطار کرسکتاہے۔ ایسے ہی اختلاف مطالع کا اعتبار نہ کرنے سے مسلمانوں کے روزے،نماز،قربانی، عیدیں اور دیگر عبادات کی انجام دہی مشکل ہوجائے گی۔
عرفہ کے روزہ سے متعلق اشکالات کا جواب
پہلا اشکال: جن لوگوں کا کہنا ہے کہ حدیث میں تاریخ کا ذکر نہیں ہے بلکہ عرفہ کا لفظ آیا ہے اور عرفہ کا تعلق عرفات میں وقوف کرنے سے ہے اس لئے حاجی کے وقوف عرفہ کے دن ہی سارے مسلمان عرفہ کا روزہ رکھیں۔
یہ استدلال کئی وجوہ سے صحیح نہیں ہے۔
پہلی وجہ: قاعدے کی رو سے روزہ میں رویت ہلال اور اختلاف مطالع کا اعتبار ہوگا جس کا ذکر اوپرہوچکا ہے، عرفہ کے روزہ کو اس قاعدے سے نکالنے کے لئے واضح نص چاہئے جوکہ موجود نہیں۔
دوسری وجہ: مناسک حج میں حج کی نسبت سے بہت سارے نام رکھے گئے ہیں ان سب پر عمومی قاعدہ ہی لگے گا الا یہ کہ خاص وجہ ہو۔ مثلا ایام تشریق حج کی قربانی کی وجہ سے نام رکھا گیا ہے اور اسے حاجیوں کے لئے کھانے پینے اور قربانی کرنے کا دن بتلایا گیا ہے اور ہم سب کو معلوم ہے حاجیوں کے ایام تشریق اور دنیا کے دوسرے ملک والوں کے ایام تشریق الگ الگ ہیں۔ جب سعودی میں قربانی کا چوتھا دن ختم ہوجاتا ہے تو دیگر بہت سارے ممالک میں ایک دن ابھی باقی ہوتا ہے۔ اسی ایام تشریق سے ہم استدلال کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ قربانی چار دن ہے اور اپنے اپنے ملکوں کے حساب سے۔
قربانی کی نسبت بھی ابراہیم علیہ السلام سے ہے اور آپ ﷺ نے اس نسبت سے یوم النحر /عیدالاضحی کو قربانی کرنے کا حکم دیاہے۔ یہ قربانی ہرملک والا اپنے یہاں کے قمری مہینے کے حساب سے دس ذی الحجہ کو کرے گا۔ گویا عرفہ ایک نسبت ہے جہاں تک اس دن روزہ رکھنے کا معاملہ ہے تو روزے میں عمومی قاعدہ ہی لاگو ہوگا۔
تیسری وجہ: اگر عرفہ کے روزہ سے متعلق بعض حدیث میں تاریخ نہیں آئی تو کوئی حرج نہیں، دوسری حدیث میں نبی ﷺ سے تاریخ کے ساتھ 9/ذی الحجہ تک روزہ رکھنا ثابت ہے۔ بعض ازواج مطہرات کا بیان ہے:
ان رسول اﷲ ﷺ کان یصوم تسعا من ذی الحجہ ویوم عاشوراء وثلاثۃ ایام من کل شھر، اول اثنین من الشھر وخمیس(صحیح أبی داود:2437)
ترجمہ: رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم ذوالحجہ کے (پہلے) نو دن، عاشورہ محرم، ہر مہینے میں تین دن اور ہر مہینے کے پہلے سوموار اور جمعرات کو روزہ رکھا کرتے تھے۔
اس حدیث میں عرفہ کا روزہ بھی داخل ہے جوکہ تاریخ کے ساتھ ثابت ہے،اس سے عرفہ کے روزہ کی اس ناحیہ سے تائید ہوتی ہے کہ اسے نوذی الحجہ کو رکھاجائے گا۔
چوتھی وجہ: اگر عرفات میں وقوف سے متعلق روزہ ہوتا تو عرفہ نہیں عرفات کا ذکر ہوتا۔
چھٹی وجہ: اگر یہ وقوف عرفہ کی وجہ سے ہوتا تو حاجیوں کے لئے بھی یہ روزہ مشروع ہوتا مگر یہ حاجیوں کے لئے مشروع نہیں ہے۔
ساتویں وجہ: وقوف عرفہ کا ایک وقت متعین ہے جو کہ تقریبا زوال کے بعد سے مغرب کے وقت تک ہے۔یہ وقت روزہ کے واسطیسعودی والوں کے لئے بھی کافی نہیں ہے کیونکہ روزے میں صبح صادق کے وقت سحری اور نیت کرنا پھر غروب شمس پہ افطار کرنا ہے۔گویا روزے میں وقوف کا اعتبار ہوا ہی نہیں اس میں تو نظام شمسی وقمری کا اعتبار ہوا۔ اس بناپر بھی نسبت کا ہی اندازہ لگاسکتے ہیں وقوف کا نہیں۔
آٹھویں وجہ: سعودی والوں کے لئے بھی عرفہ نو ذی الحجہ ہی ہے، وہ روزہ رکھتے ہوئے عرفہ کے وقوف کو مدنظر نہیں رکھتے بلکہ قمری تاریخ کے حساب سے نوذی الحجہ کو رکھتے ہیں۔ اس کی دلیل حجاج کرام سے ہی ملتی ہے، وہ لوگ قمری تاریخ کے حساب سے آٹھ ذی الحجہ (یوم الترویہ)سے حج شروع کرتے ہیں، ایسا کبھی نہیں ہوسکتا ہے کہ ذی الحجہ کی سات تاریخ ہو اور حاجی منی جائے یا آٹھ تاریخ ہو اور حاجی عرفات چلاجائے۔ مناسک حج میں بھی یوم الترویہ اور یوم عرفہ تاریخ کے طور پر ہی ہے کیونکہ اسلامی عبادات میں رویت ہلال کا بڑا دخل ہے۔ اسی چیز کی طرف قرآن میں رہنمائی کی گئی ہے۔
اﷲ کا فرمان ہے:یسئلونک عن الاھلۃ قل ھی مواقیت للناس والحج(سورۃ البقرۃ: 189)
ترجمہ: لوگ آپ سے ہلال کے بارے میں پوچھتے ہیں،کہو یہ لوگوں کے لئے اوقات اور حج کی تعیین کا ذریعہ ہے۔
دوسرا اشکال:قائلین وقوف عرفہ کا ایک اشکال یہ ہے کہ احادیث میں یوم عرفہ کی بڑی فضیلت واردہے اور عرفہ وقوف عرفات پہ ہے اس لئے عرفہ کے وقوف پہ ہی یہ روزہ رکھا جائے۔
یہ بات صحیح ہے کہ عرفہ کی بڑی فضیلت آئی ہے، اس میں کوئی شک نہیں ہے مگر عرفہ کے روزہ سے متعلق یہ کہنا کہ اس کی فضیلت کی وجہ سے وقوف عرفہ پر ہی روزہ رکھنا ہے غلط استدلال ہے۔ اﷲ تعالیٰ نے یوم عرفہ کو حجاج کے علاوہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے باعث فضیلت بنایا ہے۔ حاجیوں کو وقوف عرفہ کا ثواب ملتا ہے جبکہ دنیاوالوں کو یوم عرفہ کا روزہ رکھنے کی وجہ سے ثواب ملتا ہے۔اور اس بات پہ حیران ہونے کی ضرورت نہیں کہ یوم عرفہ تو ایک دن پھر اپنے اپنے ملکوں کے حساب سے کیسے فضیلت ہوگی تب تو کئی ایام ہوجائیں گے۔ اس کو مثال سے یوں سمجھیں کہ اﷲ تعالیٰ نے لیلۃ القدر ایک بنائی ہے مگرسارے مسلمانوں کے لئے اپنے اپنے حساب سے فضیلت ملتی ہے۔ سعودی میں ایک دن پہلے شب قدر، ہندوپاک میں ایک دن بعد شب قدر، رات ایک ہی ہے اور ثواب کی امید ہرملک والے اپنے اپنے ملک کے حساب سے شب قدر میں بیدار ہوکر رکھتے ہیں۔
تیسرا اشکال: بعض لوگ ترمذی کی ایک روایت سے دلیل پکڑتے ہیں۔
الصوم یوم تصومون والفطر یوم تفطرون والاضحی یوم تضحون (صحیح الترمذي:697)
ترجمہ: روزہ اس دن رکھا جائے جس دن لوگ روزہ رکھتے ہیں، عید الفطر اور عید الاضحیٰ بھی اسی دن منائی جائے جب لوگ مناتے ہیں۔
اس حدیث کی روشنی میں کہتے ہیں کہ جس دن عرفہ کا روزہ سعودی عرب میں رکھا جاتا ہے اس دن سب لوگ رکھیں ۔ اس میں اتحاد ہے۔
اگر اس حدیث سے ایسا ہی مسئلہ استنباط کیاجائے جبکہ اس میں لفظ عرفہ ذکر ہی نہیں اس کا مطلب یہ بھی ہوگا کہ پوری دنیا کے مسلمان ایک ساتھ رمضان کا روزہ رکھیں بلکہ ایک ساتھ سحری کھائیں، ایک ہی ساتھ افطار کریں ، ایک ہی ساتھ اور ایک ہی وقت میں عیدالفطر اور عیدالاضحی کی نمازیں پڑھیں۔ ظاہر ہی بات ہے وقوف عرفہ پہ روزہ رکھنے کے قائلین اس بات کو نہیں مانیں گے تو پھر عرفہ کے روزہ پرہی پوری دنیا کا اتحاد کیوں؟
اس حدیث کاصحیح مفہوم یہ ہے کہ روزہ اور عید، جماعت اور لوگوں کی اکثریت کے ساتھ معتبرہے جیساکہ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اﷲ نے لکھا ہے۔
چوتھا اشکال: ایک اور بات کہی جاتی ہے کہ پہلے لوگ نہیں جان پاتے تھے کہ وقوف عرفہ کب ہے اس لئے اپنے ملک کے حساب سے نوذی الحجہ کا روزہ رکھا کرتے تھے اس لئے معذور تھے اب زمانہ ترقی کرگیا اور وقوف عرفہ سب کو معلوم ہوجاتا ہے اس لئے وہ عذر ساقط ہوگیا۔
اولا: آج بھی پوری دنیا میں ہرکس وناکس کومیڈیا کی ساری خبروں کا علم نہیں ہوپاتا، میڈیا سے جڑے لوگوں کو ہی پتہ چل پاتا ہے۔
ثانیا: اسلام نے جو آقافی دین دیا ہے وہ انٹرنیٹ اور میڈیا کا محتاج نہیں ہے۔ بطور مثال یہ کہوں کہ انٹرنیٹ اور میڈیا ختم ہوجائے تو تب آپ کیا کہیں گے کہ ابھی پھر سے لوگ معذور ہوگئے۔ یہ تو مشینری چیز ہے چل بھی سکتی ہے اور کبھی اس کا نظام درہم برہم بھی ہوسکتا ہے۔اس کا مشاہدہ کبھی کبھار بنکوں اور آفسوں میں ہوتاہے۔ جب نٹ کنکشن غائب رہتا ہے تو لوگوں کی کیا درگت ہوتی ہے۔ لیکن اسلام کا نظام ہمیشہ بغیرمیڈیا اور انٹرنیٹ کے چلتا رہاہے اور قیامت تک چلتا رہے گا۔ دنیا والوں کو بغیر انٹرنیٹ کے قمری نظام سے رمضان کا روزہ، ایام بیض، عاشواء اور عرفہ معلوم ہوتا رہے گا۔
قائلین صیام عرفات کے ساتھ چند محاکمہ
(1)جب ایسے لوگوں سے کہا جائے کہ بعض ممالک لیبیا، تیونس اور مراکش وغیرہ میں سعودی سے پہلے عید ہوجاتی ہے، اس صورت میں وقوف عرفہ ان کے یہاں عید کا دن ہوتا ہے وہ کیسے روزہ رکھیں؟ عید کے دن روزہ منع ہے۔ ابوسعید رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے انہوں نے بیان کیا:
نھی النبی ﷺ عن صوم یوم الفطر والنحر(صحیح البخاري:1991)
ترجمہ: نبی صلی اﷲ علیہ وسلم نے عید الفطر اورعیدالاضحی کے دن روزہ رکھنے سے منع فرمایا۔
تو جواب دیتے ہیں ایسے لوگوں سے روزہ ساقط ہوجاتاہے۔ روزہ کے متعلق اصول واحکام واضح ہیں انہیں بالائے طاق رکھ کر بغیر ثبوت کے روزہ ساقط کرواکر لوگوں کو بڑے اجر سے محروم کردینا بڑی ناانصافی ہے۔
(2)جب ان سے کہاجائے کہ آج سے سوسال پہلے لوگ عرفہ کا روزہ رکھتے تھے کہ نہیں؟ اگر رکھتے تھے تو یقینا وہ اپنے ملک کے حساب سے رکھتے ہوں گے(اس کا انکار کرنے کی کسی کو ہمت نہیں)تو جواب دیتے ہیں کہ اس وقت پتہ نہیں چل پاتا تھا اس لئے وہ معذور تھے۔
یہ جواب کچھ ہضم نہیں ہوپاتا۔اس جواب کو مان لینے سے یہ ماننا پڑے گا کہ قرون اولی سے لیکر آج تک کسی نے عرفہ کا روزہ صحیح نہیں رکھاسوائے عرب والوں کے جبکہ اسلام ایک آفاقی مذہب ہے وہ سب کے لئے یکساں دستور پیش کرتا ہے خواہ سعودی عرب ?ا ہو یا دوسرے ملک کااور اسلام پر عمل کرنے کیلئے کسی میڈیا کی بھی ضرورت نہیں۔
ایک اہم نکتہ: نیوزی لینڈ اور سعودی میں گیارہ گھنٹے کا فرق ہے، جب سعودی میں نوذی الحجہ کا سورج نکلتا ہے تو نیوزی لینڈ میں آٹھ ذی الحجہ کا سورج غروب ہوتاہے۔تو کیا نیوزی لینڈ والے رات کو روزہ رکھیں گے؟ اور اگر رات گزار کر روزہ رکھیں تو ان کے یہاں تو ذی الحجہ کی نو تاریخ ہوگی مگر سعودی میں دس تاریخ یعنی عید کا دن ہوگا، تو کیا نیوزی لینڈ والے عید کے دن روزہ رکھیں گے جو کہ ممنوع ہے۔ عرفہ کا روزہ سمجھنے کے لئے یہ ایک اہم نکتہ ہے۔
خلاصہ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ عرفہ کا روزہ اپنے اپنے ملک کے حساب سے ذی الحجہ کی نو تاریخ کو رکھا جائے گا۔

Maqubool Ahmad
About the Author: Maqubool Ahmad Read More Articles by Maqubool Ahmad: 320 Articles with 350461 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.