پاکستان سمیت دنیا بھر کے پسندیدہ بوم بوم آفریدی لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں شامل گال گلیڈی ایٹرز کے کپتان کی حیثیت سے کھیل رہے تھے لیکن اب انہوں نے اچانک ہی وطن واپسی اختیار کرلی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بوم بوم آفریدی نے اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ''بدقسمتی سے مجھے گھر پر ذاتی نوعیت کی ایک ایمرجنسی کی وجہ سے وطن واپس جانا پڑ رہا ہے''۔
انہوں نے لکھا کہ ''صورتحال قابو میں آنے کے فوری بعد میں ایل پی ایل میں اپنی ٹیم کا دوبارہ حصہ بن جاؤں گا''۔
تاہم آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں ایمرجنسی کی وضاحت نہیں کی۔
واضح رہے سری لنکا پریمیئر لیگ میں شاہد آفریدی، ٹیم گال گلیڈی ایٹرز کے کپتان کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کی ٹیم اب تک کھیلے جانے والے تینوں میچز میں شکست کھا چکی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری نمبر پر ہے۔