نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 کیلئے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان، کون کون شامل؟

image

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے پاکستان کی پندرہ رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا، نئے کپتان شاداب خان کو بابر اعظم کی کمی محسوس ہونے لگی۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی پر فائز نئے کپتان شاداب خان نے کیویز کے خلاف کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 میچ کے لیے قومی کرکٹ اسکواڈ میں کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، حیدر علی اور سرفراز احمد سمیت، محمد حفیظ ،فہیم اشرف، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حسنین، شاہین آفریدی، حسین طلعت، وہاب ریاض، محمد رضوان بھی 15 رکنی ٹیم کا حصہ ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے اعلان کے موقع پر کرکٹ ٹیم کے نو منتخب کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کے لیے پہلی مرتبہ قیادت کر رہا ہوں جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے لیکن بابر اعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی'۔

شاداب خان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا قوانین کی وجہ سے 17 رکنی اسکواڈ ساتھ رکھنے کی اجازت ہے، اسی لیے موسیٰ خان اور عثمان قادر کو ضرورت پڑنے پر استعمال کرسکتے ہیں، ایڈن پارک میں کھیلنے کا تجربہ ہے جبکہ یہاں باؤنڈریز چھوٹی ہیں، مگر ہم تماشائیوں کی موجودگی میں دوبارہ کھیلنے کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائے گا جس کے لیے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ نے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US