والدہ پردہ کرتی تھیں، نہیں چاہتا وفات کے بعد بھی انہیں کوئی دیکھے، والدہ کی تصویر دکھانے کی خواہش پر مداح کوعمران عباس کا جواب

image

پاکستان کے مقبول اور باصلاحیت اداکارعمران عباس جن کی والدہ کا گذشتہ سال 15 دسمبر کو انتقال ہوا،اپنی مرحومہ والدہ کی تصویر سے متعلق وضاحت پیش کردی۔

عمران عباس اپنی والدہ سے بے حد محبت کرتے تھے اور ان کے وفات پانے کے بعد انتہائی غمگین ہوگئے تھے۔ مگر وہ ایک بار پھر دکھائی دینے لگے ہیں۔

اداکار عمران عباس کی جانب سے سوشل میڈٰا ویب سائٹ انسٹاگرام پر سوال جواب کا سیشن شروع کیا جس مٰیں کئی مداح ان سے سوالات کرتے رہے۔

مداحوں کی بڑی تعداد خاص طور پر ان سے والدہ کی وفات کے بعد زندگی گزارنے کے بارے میں سوال کرتے دکھائی دیئے،اس کے علاوہ کچھ صارفین نے عمران عباس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے عمران عباس سے خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اداکار اور ان کی والدہ کی ایک ساتھ تصویر دیکھنا چاہتے ہیں، جس پر عمران نے بتایا کہ انٹرنیٹ یا یوٹیوب پر ان کی والدہ کی جعلی تصویر پوسٹ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی اپنی والدہ کی تصویر کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آج تک شیئر نہیں کی کیونکہ وہ پردہ کرتی تھیں، اور میں نہیں چاہتا کہ ان کی وفات کے بعد بھی انہیں کوئی دیکھے، ان کی روح یقیناً یہ پسند نہیں کرے گی۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ آپ اپنی زندگی کے جس تکلیف دہ دورسے گزر رہے ہیں، میں بھی اسی صورتحال میں ہوں، آپ کس طرح اس پر قابو پارہے ہیں؟

اداکار عمران عباس نے جواب دیا کہ میں زیادہ سے زیادہ خدا کی عبادت میں مشغول رہتا ہوں، قرآن پاک کی تلاوت بھی کرتا ہوں، ساتھ ہی صدقہ بھی دے رہا ہوں، میں اللہ تعالیٰ سے باتیں کرتا ہوں، یہ مجھے بہتر ہونے میں مدد کرتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow