کراچی سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ بچی دعا زہرہ کو اب تک بازیاب نہ کروایا جا سکا۔ اس کے حق میں سوشل میڈیا پر بھی آواز بلند کی جا رہی ہے اور پولیس بھی اپنا کام کر رہی ہے، لیکن اتنے دنوں سے اب تک بچی کا کوئی سراغ نہ مل سکا، البتہ دعا کے کیس میں کئی نئے موڑ سامنے آئے۔ کبھی غلط سی سی ٹی وی فوٹیج چلا دی گئی تو کبھی کہا گیا کہ بچی مرضی سے بھاگی ہے اور پھر کل رات کو بچی کے کورٹ میرج کرنے سے متعلق باتیں سامنے آئیں۔ جس پر ہر کوئی سوالیہ نظروں سے اداروں کی جانب دیکھ رہا ہے کہ آخر دعا کا کیس کب حل ہوگا، کب وہ بچی صحیح سلامت اپنے والدین سے ملے گی۔ وہیں دوسری جانب والدین بھی غم سے نڈھال ہیں، ماں کے آنسو دیکھ کر دل چھلنی ہو رہا ہے۔ ٹی وی پر، فیس بک پر، انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر بھی دعا کی بازیابی کے لیے پیغام دیا جا رہا ہے، لیکن بچی کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔
دعا کے حق میں شوبز ستارے اور مشہور شخصیات بھی اپنی آواز اٹھا رہے ہیں، ہر کوئی اس کی بازیابی کے لیے دعائیں کر رہا ہے۔ سب کا ایک ہی مطالبہ ہے بس دعا سلامتی کے ساتھ گھر واپس لوٹ آئے۔
٭ ماہرہ خان:
خُدارا کوئی مدد کرے، دعا زہرہ کی واپسی کے لیے بہت دعائیں کر رہی ہوں۔ میں دل سے دعا کرتی ہوں کہ دعا زہرہ صحیح سلامت آج ہی گھر پہنچ جائے۔
٭ حرا مانی:
زہرہ اللہ تمہاری مدد کریں۔
٭ ثناء جاوید:
سب مل کر دعا کے لیے دعا کریں کہ وہ سلامتی و خیریت کے ساتھ اپنے گھر لوٹ آئے۔
٭ مشی خان:
میں تو حیران ہوں، تکلیف میں آگئی ہوں دعا کے والدین کی ویڈیو دیکھ کر کہ کیسے 16 اپریل سے لاپتہ بچی اب تک گھر نہ لوٹ سکی؟ کیا کر رہی ہے سندھ پولیس؟ کب تک یہ معاملہ چلتا رہے گا؟ ان کو بھی پکڑو جنہوں نے اعلان کرنے سے منع کیا تھا؟
٭ سجل علی:
دعا زہرہ کے لیے بہت سی دعائیں ہیں، اللہ اسے خیریت سے گھر پہنچائے۔ تمام اعلیٰ حکام سے درخواست ہے کہ وہ جلد از جلد کوئی کارووائی کریں۔
٭ عمران عباس:
ہماری حکومت سے درخواست ہے کہ وہ جلد از جلد دعا کو ڈھونڈھ نکالیں۔