کسی بھی جوڑے کو جب اللہ اولاد کی نعمت سے نوازتا ہےتو وہ یہ سوچتا ہے کہ انہیں دنیا کی ہر خوشی مل گئی۔ یہی جذبات جس طرح عام لوگوں کے ہوتے ہیں ویسے ہی مشہور سیلیبریٹیز کے بھی ہوتے ہیں۔ یہ مشہور شخصیات بڑے دل کی مالک ہوتی ہیں، ان کے اپنے بچے تو ہوتے ہی ہیں ساتھ میں اللہ انہیں یہ توفیق بھی بخشتا ہے کہ وہ کسی یتم بے سہارا بچہ یا بچی کو گود لیں اور ان کی پرورش کا ذمہ اپنے سر لیں۔ اور ایسا حقیقت میں دیکھنے کو بھی ملا۔
شوبز انڈسٹری میں بہت سے فنکار موجود ہیں جنہوں نے غریب بے سہارا بچوں کو گود لینے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔
1- سشمیتا سین
سابق مس ورلڈ سشمیتا سین نے نہ صرف گود لینے سے متعلق دقیانوسی تصورات کو توڑا بلکہ معاشرے میں خواتین سے جس چیز کی توقع کی جاتی ہے اس کے گرد گھومنے والے نقطہ نظر کو بھی تبدیل کیا۔ انہوں نے شادی کا کرنے کے بجائے دو لڑکیوں کو گود لینے کا فیصلہ کیا۔
سشمیتا نے اپنی بڑی بیٹی رینی کو 2000 میں گود لیا تھا اور بعد ازاں 2010 میں ایک اور بچی کو گود لیا جس کا نام علیشہ ہے۔ایک انٹرویو میں بھارتی اداکارہ سشمیتا نے لڑکیوں کو گود لینے کے فیصلے کے بارے میں کہنا تھا کہ میں نے 24 سال کی عمر میں سب سے دانشمندانہ فیصلہ کیا۔
2- سلمان خان
سلمان خان کی ویسے تو کوئی بہن نہیں مگر وہیں ان کے والد سلیم خان نے ایک بچی کو گود لیا جس کا نام ارپیتا ہے۔ ارپیتا کی پرورش سلمان، سہیل، ارباز خان نے مل کر کی۔ارپیتا کی شادی 2016 میں ہوئی تھی اور آج وہ ایک بچے کی ماں بھی بن چکی ہیں۔
3- نادیہ جمیل
موذی مرض کینسر کو شکست دینے والی پاکستان کی مایہ ناز اداکارہ نادیہ جمیل نے حال ہی میں ایک بیٹی کو گود لیا جس کی تصویریں انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے سال 2018 میں دو چھوٹے بچوں کو گود لیا تھا جو اب بڑے ہو چکے ہیں۔ اداکارہ کی جانب سے اس حوالے سے ٹوئٹر پر ٹوئٹ بھی کیا گیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ میرا چھوٹا بیٹا سڑک پر رہتا تھا جبکہ بڑا بیٹا اینٹوں کے بھٹے پر کام کرتا تھا۔ اب یہ دونوں بڑے ہو چکے ہیں اور مجھے ان پر فخر ہے۔
4- روینہ ٹنڈن
روینہ ٹنڈن نے 21 سال کی عمر میں دولڑکیوں پوجا اور چھایا کو گود لیا تھا۔لڑکیوں کی عمر اس وقت بالترتیب آٹھ اور دس سال تھی۔ دونوں بیٹیاں اب بڑی ہوچکی ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ اور ازدواجی زندگی میں اچھے طریقے سے کام کر رہی ہیں۔
5- حدیقہ کیانی
حدیقی کیانی کا شمار بھی ان باصلاحیت شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے بچوں کا گود لے کر مثال قائم کی۔ سال 2005 میں آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلے میں ایک خاندان تباہ ہوگیا تھا جس میں اس گھر کا ایک بچہ رہ گیا تھا جسے انہوں نے گود لے لیا تھا۔ بچے کے نام علی ہے اور اب وہ کافی بڑا ہوچکا ہے۔ حدیقہ نے علی کی پرورش سگی ماں سے بھی بڑھ کر کی ہے۔
6- متھن چکرورتی
نامور بھارتی سینئر اداکار متھن چکرورتی نے ایک بے گھر بچی کو گود لیا جس کا نام دیشانی رکھا۔ دیشانی متھن چکرورتی کی آنکھ کا تارا ہے۔