یہاں بلیوں کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ دی جاتی ہے ۔۔ سعودیہ میں بلیوں کے 5 اسٹار ہوٹل میں اور کیا کیا ہوتا ہے؟

image

دنیا بھر میں  پالتو جانوروں کو گھر میں مختلف سہولیات اور آسائشیں دینے کے حوالے سے تو اکثر سنا جاتا ہے لیکن سعودی عرب میں ایک خاتون نے بلیوں کیلئے ایک 5 اسٹار ہوٹل قائم کردیا ہے۔

ھدی العتیبی نامی سعودی خاتون کی جانب سے بلیوں کے ہوٹل کو سوشل میڈیا پر غیر معمولی طور پر مقبولیت مل رہی ہے۔ گھروں میں بلیاں پالنے والے مقامی شہریوں اور سعودیہ میں مقیم غیر ملکیوں منے بلیوں کے پہلے ہوٹل کے قیام کی خبر کا خیر مقدم کیا ہے۔

ھدی العتیبی کا کہنا ہے کہ بلیوں کے ہوٹل کا لائسنس حاصل کرنا کوئی آسان کام نہ تھا۔ اس کے لیے مجھے بھرپور مطالعہ کرنا پڑا۔ میں نے برطانیہ اور امریکہ سے دو ڈپلومہ کیے۔میں نے وزارت زراعت و ماحولیات و پانی جا کر دو برس پہلے بلیوں کیلئے ہوٹل کی خواہش ظاہر کی۔ مجھے لائسنس حاصل کرنے میں دو برس کا عرصہ لگ گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ کئی لوگ اس کا تجربہ کر چکے ہیں لیکن تمام کوششیں انفرادی نوعیت کی رہیں، کسی نے بھی بلیوں کے ہوٹل کا لائسنس حاصل نہیں کیا، میں اس بارے میں ہر چھوٹی بڑی بات جاننے پر دھیان دیتی ہوں۔وزارت ماحولیات کی بنیادی شرط یہ تھی کہ ڈپلومہ ہولڈر کو ہی بلیوں کے ہوٹل کا لائسنس جاری کیا جا سکتا ہے۔

ھدی العتیبی نے بتایا کہ بلیوں کے ہوٹل کا ایک حصہ بلی پالنے والوں کے لیے خاص ہے۔ بلیاں رکھنے والے سفر کرتے ہیں یا ان کے خاندان میں کوئی ہنگامی صورتحال پیش آتی ہے یا کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ وہ اپنی بلیوں کے لیے یکسو نہیں ہو پاتے تو ایسی صورت میں انہیں بلیوں کی خاطر ہوٹل کی سروس حاصل کرنا پڑتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں ہوٹل میں جو بلیاں لائی جاتی ہیں ان میں سے ہر ایک کی ہیلتھ فائل بھی ہوتی ہے۔ کس بلی کو کون سی ویکسین دی جا چکی ہے اور کون سی دی جانی ہے اس حوالے سے تفصیلات بھی مہیا ہوتی ہیں۔ ’ہمارا ہوٹل بلیوں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں دیتا۔ بلیوں کے ساتھ ہمارے یہاں بہترین برتاؤ کیا جاتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow