نیرہ نور اچانک کہاں غائب ہوگئیں تھیں.. نیرہ نور کے شوہر اور بچے کیا کرتے ہیں؟ نجی زندگی کے چند راز

image

وطن کی مٹی گواہ رہنا.. ایک ایسا گیت جو کئی دہائیوں پہلے گایا گیا مگر آج بھی اس کی شہرت ماند نہ پڑی۔ افسوس کہ یہ ملی نغمہ اور بہت سی خوبصورت غزلیں گانے والی سروں کی ملکہ نیرہ نور آج ہمارے درمیان موجود نہیں۔ نیرہ نور جہاں اپنی خوبصورت گائیکی کی وجہ سے کروڑوں دلوں پر راج کرتی تھیں وہیں ان کی ذاتی زندگی کے کچھ ایسے دلچسپ پہلو بھی ہیں جن سے لوگ آج بھی ناواقف ہیں۔ تو چلیے آج آپ کو ان کی نجی زندگی کے بارے میں بتاتے ہیں۔

والد نے قائداعظم کی میزبانی کی

اگرچہ نیرہ نور کی پیدائش بھارت کی ریاست آسام میں ہوئی مگر ان کا خاندان بنیادی طور پر امرتسر سے تعلق رکھتا تھا۔ نیرہ نور کے والد بہت بڑے تاجر اور مسلم لیگ کے نمایاں کارکن تھے۔ یہاں تک کے پاکستان بننے سے پہلے انھوں نے آسام میں قائداعظم کی میزبانی بھی کی۔ شاید یہی وجہ تھی کہ ان کی بیٹی کے اندر بھی وطن کی محبت کا بے مثال جذبہ موجود تھا۔

گلوکاری کا شوق اور مشہور گیت

نیرہ نور کو بچپن سے ہی گائیکی کا شوق ہوگیا تھا جبکہ ان کے خاندان میں کسی کا دور دور تک اس شعبے سے تعلق نہیں تھا۔ جیسے جیسے وہ بڑی ہوتی گئیں انھوں نے فیض احمد فیض اور غالب جیسے شعراء کا کلام پڑھنا شروع کیا۔ ان کے مشہور گیتوں میں روٹھے ہو تم تم کو کیسے مناؤں پیا، رنگ برسات نے بھرے کچھ تو، وہ جو ہم میں تم میں قرار تھا جیسے سدا بہار گانے شامل ہیں۔

کتنے بچے ہیں اور کیا کرتے ہیں؟

اتنی شہرت کے باوجود بھی بہت کم لوگ ان کی شادی شدہ زندگی کے بارے میں جانتے ہیں۔ hamariweb.com کے قارئین کے لئے ہم بتاتے چلیں کہ نیرہ نور نے مشہور اداکار شہریار زیدی سے شادی کی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔ ان کے بڑے بیٹے نادِ علی بھی مشہور گلوکار ہیں جبکہ ان کے چھوٹے صاحب زادے جعفر زیدی بھی گلوکار ہیں اور کاوش بینڈ میں ووکلسٹ ہیں۔

بیگم ہمیشہ تازی روٹی پکا کر دیتی ہیں

ندا یاسر کے پروگرام میں شہریار زیدی نے اپنی بیگم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری شادی کو 48 سال ہوگئے ہیں لیکن آج تک کبھی ٹھنڈی روٹی نہیں کھائی۔ بیگم ہمیشہ تازی روٹی پکا کر میز پر لاتی ہیں"

پہلی ترجیح شوہر، گھر اور بچے ہیں

مختلف مواقع پر نیرہ نور نے خود بھی یہی کہا کہ موسیقی ان کا شوق ضرور ہے لیکن ان کی پہلی ترجیح گھر، شوہر اور بچے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ 2012 کے بعد انھوں نے گائیکی کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

ایوارڈز

نیرہ نور کو ان کے حسن کارکردگی پر کئی ایوارڈز ملے جن میں 2006 کا پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ، 1973 میں نگار ایوارڈ اور پاکستان میوزک کانفرنس کانسرٹ میں 3 گولڈ میڈلز شامل ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US