“میں ڈاکٹر ہوں۔ گھر سے نکلا کہ مریض کا آپریشن کرنا ہے۔ ٹیم بھی تیار تھی اور میرا انتظار ہورہا تھا لیکن میری گاڑی ٹریفک جام میں پھنس گئی۔ میں نے کچھ بھی نہیں سوچا اور گاڑی ڈرائیور کو دے کر اسپتال کی جانب دوڑنے لگا تاکہ جلد سے جلد پہنچ کر آپریشن کرسکوں“
یہ کہنا ہے بھارت کی ریاست بنگلورو کے ڈاکٹر نندہ کمار کا جو مریض کی جان بچانے اور اپنا فرض نبھانے کے لئے باقاعدہ دوڑ کر اسپتال گئے۔
اس موقع کی ڈاکٹر نندہ نے ویڈیو بھی بنائی جس کے ساتھ کیپشن دیا کہ "کبھی کبھی انسان کو وہ کرنا پڑتا ہے جو اسے کرنا چاہیے"۔ ویڈیو دیکھیے
آپریشن کامیاب ہوگیا
اس ویڈیو میں ڈاکٹر نندہ کو بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر نندہ پیٹ کے امراض کے ڈاکٹر ہیں اور انھیں پتے کی بیماری میں مبتلا مریض کی سرجری کرنی تھی جو انھوں نے اسپتال پہنچتے ہی کی اور ان کا آپریشن کامیاب ہوا جس کے بعد مریض کو گھر بھیج دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر ڈاکٹر کی دھوم
سوشل میڈیا پر ڈاکٹر نندہ کی یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور مریض کی جان بچانے کے لئے ڈاکٹر کے دوڑ کر اسپتال جانے کو لوگ کافی سراہ رہے ہیں۔