100 کروڑ کرتی مولا جٹ کی بھارتی فلموں سے ٹکر ۔۔ لیکن آدھے سے زائد پاکستانی سینما ناراض کیوں؟

image

دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے پاکستان کی ڈوبتی ہوئی فلم انڈسٹری میں ایک نئی جان پھونک دی ہے، ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں سو کروڑ کے قریب پہنچنے والی مولا جٹ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں کامیابیوں کے نئے ریکارڈ بنارہی ہے تاہم افسوس کی بات یہ ہے کہ پاکستان میں اس فلم کی ریلیز تنازعات کا شکار ہوچکی ہے اور ملک کے کئی اہم سینماؤں میں دی لیجنڈ آف مولا جٹ نہیں دکھائی گئی۔

فلم کے تقسیم کار اور سینما مالکان کے درمیان فلم کی پرسنٹ ایج پر تنازع پیدا ہونے کی وجہ سے بحریہ ٹاؤن، سنے اسٹار، سنے پلیکس، نیو پلیکس میں یہ فلم نمائش کیلئے پیش نہیں کی جاسکی۔ تقسیم کار فلم کا معاوضہ بڑھانے کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن سینما مالکان طے شدہ رقم سے زیادہ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

تقسیم کار (ڈسٹری بیوٹرز) اور سینما مالکان کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے پورے پاکستان میں موجود 140اسکرینز میں سے مولاجٹ صرف 58 اسکرینز پر لگ سکی ہے جس کی وجہ سے شائقین ایک شاندار فلم دیکھنے سے محروم ہیں تو وہیں فلم کے بزنس میں بھی کمی کے خدشات نے سر اٹھالیا ہے۔

پڑوسی ملک بھارت میں فلموں کیلئے عموماً سو کروڑ کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے لیکن دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے اپنی ریلیز کے 5 روز میں ہی دنیا بھر میں تقریباً 60 کروڑ سے زیادہ کا ریکارڈ بزنس کرلیا ہے۔

پاکستان کی سب سے بہترین پنجابی فلم قرار پانے والی دی لیجنڈ آف مولا جٹ متحدہ عرب امارات میں پہلے نمبر پر موجود ہے اور اس کے علاوہ برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، قطر، سعودی عرب، جرمنی، ناورے، اسپین ہالینڈ اور دیگرممالک میں یہ فلم ٹاپ ٹین میں شامل ہے۔

سو کروڑ کلب میں بھارتی فلموں کو ٹکر دینے والی دی لیجنڈ آف مولا جٹ پاکستان میں مالی تنازع کی وجہ سے تمام اسکرینز کا حصہ نہیں بن سکی لیکن اس کے باوجود یہ بلاک بسٹر فلم سو کروڑ کلب تک پہنچنے کے قریب ہے اور اگر پاکستان کے ناراض سینما مالکان بھی اس فلم کو نمائش کیلئے اپنی اسکرینز پر پیش کرتے ہیں تو ممکن ہے کہ یہ فلم پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارتی فلموں کے بھی کئی ریکارڈز توڑ سکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow