مشہور اداکاروں کی زندگی بھی کئی مشکلات کا شکار ہے، اگرچہ ان کی زندگی میں شہرت ہے مگر گھریلو زندگی کافی حد تک پریشان کن ہوتی ہے۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو اداکار انوپم کھیر سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔
اداکار انوپم کھیر کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو کہ سائڈ رولز میں بھی کردار نبھاتے نظر آتے ہیں جبکہ مزاحیہ کردار بھی ادا کر چکے ہیں۔
مشکلات کے دور میں انوپم کھیر نے وہ وقت بھی دیکھا جب ان کے پاس صرف 37 روپے تھے اور وہ ممبئی کی سڑکوں پر رہنے پر مجبور تھے، اکثر اداکار کی راتیں ریلوے اسٹیشن پر گزرتی تھیں۔
اداکار نے بتایا کہ مشکل وقت اس حد تک تھا کہ دلاری یعنی میری والدہ کو اپنا زیور تک بیچنا پڑا، بیٹے کا خواب پورا کرنے کے لیے ماں نے اپنے سونے کے قیمتی ہار بھی دے دیے تھے۔ سونے کے سیٹس بیچ کر ماں نے ہمیں اسکول میں داخلہ دلوایا، کیونکہ والد ماہانہ صرف 90 روپے کماتے تھے، یہی وجہ ہے کہ انوپم کھیر اپنی والدہ کے بے حد قریب ہیں۔
تاہم اب وہ والدہ کے ساتھ بہت کم وقت بتا پاتے ہیں، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ایک تو وہ کام کے سلسلے میں مختلف مقامات پر ہوتے ہیں اور دوسری بڑی وجہ ان کی اہلیہ کرن کھیر ہیں، جو کہ اس وقت کینسر جیسے موذی مرض کو شکست دینے میں مگن ہیں۔
کرن کھیر گزشتہ سال کینسر کے مرض میں مبتلا ہوئی تھیں، تاہم اب ان کی حالت کافی حد تک بہتر تو ہے، لیکن جسم میں کمزوری اور کینسر کے اثرات ان میں واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
لیکن جب کبھی وہ والدہ سے ملتے ہیں، تو ان کے ملنے کا انداز بتا دیتا ہے، کہ وہ اپنی والدہ سے بے حد پیار کرتے ہیں۔ ان کی ویڈیو کافی وائرل بھی ہے جس میں وہ اچانک والدہ کے گھر آ کر والدہ کو سرپرائز کر رہے ہیں۔
انوپم کھیر کی اداکارہ مدھومالتی کپور سے پہلی شادی ہوئی تھی تاہم ان کی شادی طلاق پر اختتام ہوئی تھی جس کے بعد انوپم نے دوسری شادی کرن کھیر سے کی تھی۔ دوسری شادی کامیاب ثابت بھی ہوئی اور ان کی اولاد سکندر کھیر والد کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔
اکلوتی اولاد ہونے کی وجہ سے والد بیٹے کو ہر لمحہ سپورٹ تو کرتے ہیں، تاہم بیٹا اس طرح کامیاب نہیں ہو سکا ہے، جس طرح والد ہوئے، اسی لیے انوپم کھیر بیٹے کے لیے پریشان بھی رہتے ہیں۔ ان کا یہی ماننا ہے کہ بالی ووڈ میں پنپنا آسان نہیں ہے، اس کے لیے اپنا ایک مقام بنانا ضروری ہے۔
یہی وجہ ہے کہ بیٹے کو کئی فلموں میں رول تو ملا تاہم اس طرح کامیاب نہیں ہو سکا۔ جس کے بعد انوپم کھیر اہلیہ کی بیماری، بیٹے کے حوالے سے پریشان ہیں، جبکہ ان کی والدہ بھی نہ ملنے کا شکوہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔