پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور نوجوان وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان نے کرکٹ سے فرصت کے لمحات میں موسیقی سے دل بہلانا شروع کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں اعظم خان اور سرفراز احمد مشہور گیت اک پیار کا نغمہ ہے، موجوں کی روانی ہے، زندگی اور کچھ بھی نہیں، تیری میری کہانی ہے، گاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں اعظم خان گٹار پر دھن بجارہے ہیں اور سرفراز احمد گانا گارہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین کپتان سرفراز احمد ان دنوں قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود وہ ڈومیسٹک مقابلوں میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں جبکہ اعظم خان لیگز میں اپنی دھواں دھار بیٹنگ سے مخالفین پر دہشت طاری کرچکے ہیں۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے دونوں کھلاڑیوں کو آسٹریلیا میں جاری ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم میں جگہ نہیں ملی لیکن دونوں کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک اور لیگز کے ذریعے خود کو مصروف رکھا ہوا ہے اور فرصت کے لمحات میں دونوں کھلاڑی موسیقی سے دل بہلاتے ہیں۔
سرفراز احمد پاکستان ٹیم کے تینوں فارمیٹس میں کپتان تھے اور ان کی قیادت میں قومی ٹیم نے کئی فتوحات حاصل کیں، پاکستان کو چمپئنز ٹرافی جتوانے میں بھی سرفراز احمد کا بڑا کردار رہا تاہم گزشتہ کچھ سالوں سے سرفراز احمد کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے۔