اداکارہ صباء فیصل اور ان کی بہو کے درمیان تنازعات کی خبریں کچھ ماہ سے سوشل میڈیا پر وائرل تھیں۔ جب ان کی بہو نیہا فیصل نے ان کے خلاف ایک پوسٹ انسٹاگرام پر شیئر کی اور آپسی تعلقات کی کشیدگی کے بارے میں بتایا تھا جس پر صباء نے ان کی تردید کرتے ہوئے کچھ نہ کہا اور نیہا کو بیٹی کہہ کر معاملہ نپٹا دیا تھا۔ مگر اب ایک مرتبہ پھر یہ تنازعات زور پکڑ رہے ہیں۔
کچھ دن پہلے صباء فیصل نے ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی اور اس میں انہوں نے بہو سے تعلقات توڑتے ہوئے کہا کہ : "جس گھر میں نیہا جیسی بہو آ جائے وہ گھر پھر خراب ہی ہوتا ہے۔ وہ لوگ جو مجھے نیہا کے پوسٹ پر نازیباں الفاظ کہتے ہیں۔ مجھے اور میری بیٹی کو برا بھلا کہتے ہیں وہ لوگ حقیقت اگر جان لیں تو پوسٹ کرنے والوں کو ہی برا کہنا شروع کردیں۔ میں نے آج تک الحمداللہ بہت اچھی زندگی گزاری ہے اور کسی کو کچھ بھی نہیں کہا، یہ میرے گھر کا ذاتی معاملہ ہے۔ اور اب میرا نیہا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اگر میرا بیٹا سلمان اپنی بیوی کے ساتھ رہنا چاہتا ہے تو رہے میرا اس سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔ نہ میری بیٹی کا، نہ میرے شوہر کا اور نہ میرے دوسرے بیٹے کا ۔
"
اس کے بعد ایک اور ویڈیو میں صباء نے کہا کہ میرے خلاف گندی باتیں نہیں کریں، میں تمام ان لوگوں کا اور فیس بک پیجز والوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا لیکن اب میرے اور بہو کے بارے میں گندی باتیں کرنا بند کریں۔4 سال میں نے سب کچھ برداشت کیا اور اپنی عزت، شہرت اور پیسے کی قیمت چکائی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی یاد رکھیں کہ جو اداکار لاکھوں کماتے ہیں ان کی نجی زندگی اور گھروں کی بھی ڈارک سائیڈ ہوتی ہے۔ ویڈیو کے آخر میں یہ بھی مداحوں سے درخواست کی کہ بہو اور ان کے خاندانی مسائل سے متعلق قیاس آرائیاں کرنا بند کر دیجیئے۔
مگر اب صباء نادر کے پوڈکاسٹ شو میں آئیں جہاں انہوں نے بتایا کہ:
''
بچے تو غلطی کردیتے ہیں لیکن میں نے شاید وہ ویڈیو ڈال کر غلطی کی تھی اس لیے اس کو سدھارنے کے لئے میں نے ویڈیو ڈیلیٹ بھی کردی کیونکہ وہ
مجھ سے بھی دیکھی نہیں جا رہی تھی میرے خون کے رشتے بہت مضبوط ہیں اور میں ان کو بہت عزت دیتی ہوں ۔ ہماری ایک خوبصورت فیملی ہے۔ ہم سب ایک دوسرے کے لیے جینا جانتے ہیں۔ بات جب تک دل میں رہے وہ اپنی مگر منہ سے ادا ہونے کے بعد وہ پرائی ہو جاتی ہے۔ میں سوشل میڈیا استعمال کروں گی کیونکہ وہ کمائی کا ذریعہ ہے مگر آج کے بعد سے میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر آپ میری کوئی ذاتی چیز نہیں دیکھیں گے صرف اور صرف کام کی چیزیں ہوں گی۔
''