پاکستان کے مشہور اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ وہ اداکار تھے لیکن زیادہ شہرت نہیں ملی، اس لئے پیسوں کیلئے میزبانی شروع کی اور پروگرام کی ہوسٹنگ سے پیسہ اور شہرت ملی۔
ایک پروگرام میں اپنے کیریئر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’شوبز انڈسٹری میں آرٹسٹ کیلئے بہت مشکلات ہیں، لوگ چانس لینے سے ڈرتے ہیں ایک وقت تھا کہ لوگ اداکاروں کو میزبانی کرنے سے روکتے تھے‘۔’ایک تصور تھا کہ اگر آپ ہوسٹنگ میں قدم رکھیں گے، تو آپ کا بطورِ اداکار کیرئیر ختم ہو جائے گا‘۔
انہوں نے بتایا کہ میں کافی عرصے سے اداکاری کر رہا تھا اور میرے پاس پیسے نہیں تھے، اس لئے میں نے ہوسٹنگ کا رخ کیا کیونکہ میں پیسہ کمانا چاہتا تھا، ہوسٹنگ نے میرے لیے چیزیں بدل دیں، ہوسٹنگ کے دوران میری انرجی کبھی کم نہیں ہوتی کیونکہ پیسہ کبھی کم نہیں ہوتا‘۔
فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ ’مجھے ایسا لگتا ہے کہ شو کی میزبانی کرنے سے ہی مجھے پہچان ملی ، اب میں اپنی میزبانی کے لیے جانا جاتا ہوں ۔فہد مصطفیٰ مقبول اور کامیاب پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن اداکار، پروڈیوسر اور میزبان ہیں۔
انہوں نے کئی بلاک بسٹر فلموں اور ڈراموں میں پرفارم کیا ہے، ان کے مشہور ٹیلی ویژن ڈراموں میں ’میں عبدالقادر ہوں‘، آشتی، کنکر، دوسری بیوی، میرا سائیں اور میں چاند سی شامل ہیں جبکہ انہوں نے ’نامعلوم افراد‘ سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تاہم فہد مصطفیٰ کی شہرت کی وجہ نجی ٹی وی کے پروگرام کی میزبانی ہے، ان کا شو پاکستان کا مقبول ترین شو ہے۔