گڈ مارننگ پاکستان ملک کے مقبول ترین شوز میں سے ایک ہے اور ندا یاسر برسوں سے اس مارننگ شو کی میزبانی کر رہی ہیں، پر اکثر لوگ اس شو کو نا پسند بھی کرتے ہیں۔ کئی سالوں میں بہت سے تنازعات ہوئے ہیں اور شو نے بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں لیکن ان سب کے باوجود اس شو نے اپنی جگہ بنا کے رکھی ہوئی ہے۔
ایسا ہی ایک تنازع شبیر جان کے ساتھ ہوا تھا جب شو میں ان کا مذاق اڑایا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ ناراض ہو کر شو چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ اگرچہ وہ جانتے تھے کہ ان سے تھوڑا بہت مذاق کیا جائے گا لیکن جو کچھ ہوا وہ بہت زیادہ تھا۔
شبیر جان، حال ہی میں نادر علی کے پوڈ کاسٹ شو کے مہمان بنے جہاں انہوں نے اس سارے تماشے کے بعد کیا ہوا اس کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ، ندا اور اے آر وائے انتظامیہ کے دیگر لوگ ان سے ملنے آئے اور جو کچھ ہوا اس کے لیے معذرت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ، جو کچھ اس شو میں ہو رہا ہے اس کی ایک حد ہونی چاہیے تاکہ لوگ آپ کا شو دیکھیں۔
شبیر جان نے ان افواہوں کی بھی تردید کی کہ اے آر وائے انتظامیہ نے اس پورے واقعے کے بعد ان کو دوبارہ بلانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ، وہ عام طور پر جلدی غصے میں آجاتے ہیں اور یہ ان کا کنٹرول تھا کہ وہ صرف شو چھوڑ کر گئے اور کچھ نہیں کیا۔