شہرہ آفاق گانے ’کنا یاری‘ سے شہرت پانے والے گلوکار کیفی خلیل کا گانا ’کہانی سنو‘ یوٹیوب پر سب سے زیادہ مقبول 100 گلوبل گانوں کی فہرست میں 55 ویں نمبر پر آگیا، گانے کے گلوبل ٹرینڈ میں جگہ بنانے پر کیفی خلیل نے مداحوں اور شائقین کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
لیاری کے ایک چھوٹے سے مکان کے چھوٹے سے کمرے سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے کیفی خلیل نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ اپنے سارے گانے اسی کمرے میں بناتے تھے۔
کیفی خلیل کے والد بینجو بجاتے تھے تاہم والد کے کیفی کے بچپن میں ہی انتقال کے بعد موسیقی نے انہیں سہارا دیا، کوک اسٹوڈیو نے انہیں اپنے گانے پیش کرنے کا موقع دیا۔
کیفی خلیل کے مطابق وہ کبھی اسکول یا کالج نہیں گئے اور باضابطہ تعلیم بھی حاصل نہیں تاہم اپنے گانے وہ خود ہی لکھتے ہیں، مقبول گانوں کی شاعری کے حوالے سے کیفی خلیل کا کہنا ہے کہ دل جب ٹوٹتا ہے، تب ہی الفاظ نکلتے ہیں، شعر بنتے ہیں اور آواز نکلتی ہے، میں نے جو کچھ بھی لکھا ہے وہ اپنے تجربے کی بنیاد پر ہی لکھا اور گایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن بہت مشکل گزرا، کئی چھوٹے موٹے کام کئے، 20، 30 روپے دیہاڑی پر کام کرکے کیسٹ خریدتا تھا، سب سے چھوٹا ہونے کی وجہ سے مجھے سب کی سننی پڑتی تھی لیکن میوزک کی بات پر میں کسی کی نہیں سنتا تھا۔
گھر والوں نے میوزک کے شوق کو کبھی ترک کرنے کا نہیں کہا، میرے بڑے بھائی شاعری کرتے تھے ان کی شاعری سے بھی کافی لگاؤ رہا۔پیسے کی کبھی پرواہ نہیں کی، اکثر ایسا ہوتا کہ میں کہیں آنکھیں بند کرکے گانا گاتا تو لوگ میری جیب میں پیسے ڈال دیا کرتے تھے۔
کنا یاری کے دوسرے گلوکار عبدالوہاب بگٹی کا تعلق سبی سے ہے جن سے کیفی کی ملاقات کوک اسٹوڈیو میں ہوئی جبکہ ایوابی بلوچ سے بھی ان کی ملاقات کوک اسٹوڈیو میں ہی ہوئی جہاں انہوں نے عبدالوہاب اور ایوابی بلوچ کے ساتھ ملکر کنایاری گایا۔