سونے کا زیور کسی بھی عورت کی کمزوری ہوسکتا ہے اور اگر یہ سونا مفت کا ہو تو پھر تو سونے پر سہاگہ ہوجاتا ہے لیکن کبھی کبھی سب تدبیر الٹی پڑ جاتی ہیں اور چوروں کو مور بھی پڑ جاتے ہیں لیکن اس ویڈیو میں چوروں کو مور نہیں بلکہ ایک خوفناک کتا پڑگیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک جوڑا جیولر کی دکان پر آتا ہے، خاتون نے اپنے ہاتھ میں ایک گفٹ باکس اٹھا رکھا تھا، دکان میں آنے کے بعد مرد دکاندار کو باتوں میں لگاتا ہے اور خاتون ڈبہ شوکیس پر رکھ دیتی ہے۔
دکاندار کی نظر ہٹتے ہی خاتون شوکیس پر رکھے سیٹ کو کمال مہارت سے گفٹ باکس میں منتقل کرتی ہے لیکن دکاندار نے پہلے ہی اس سیٹ کو بچانے کیلئے بندوبست کررکھا تھا جس سے خاتون لاعلم تھی۔
خاتون جیسے ہی باکس لے کر دروازے کی طرف بڑھتی ہے تو باکس کے ساتھ بندھی ڈوری بھی کھینچی جاتی ہے جس کو دکاندار دوسرے سرے سے پکڑ کر کھینچ لیتا ہے۔ اسی کھینچا تانی میں خاتون باکس مرد ساتھی کو پکڑا کر باہر بھاگ جاتی ہے۔
دکاندار ڈوری کھینچنے کے ساتھ سیٹی بجاتا ہے اور ایک خوفناک کتا دکان میں آجاتا ہے جو چور پر حملہ کردیتا ہے تاہم دکاندار کتے کو روک لیتا ہے اور چور سے سونے کا سیٹ واپس لے لیتاہے۔