امید ہے پاپا کی مغرور شہزادیوں کو جیل بھیجا جائیگا ۔۔ لاہور اسکول میں نشہ نہ کرنے پر طالبات کا لڑکی پرتشدد، شوبز ستارے بھی بھڑک اٹھے

image

لاہور کے اسکول میں نشہ کرنے سے انکار کرنے والی طالبہ پر ساتھی طالبات کے تشدد کے واقعے پر شوبز ستاروں نے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے تشدد میں ملوث طالبات کو جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔

معروف اداکارہ مشی خان کا کہنا ہے کہ اسکول میں لڑکی کو ساتھیوں نے بہت بری طرح سے مارا پیٹا اور بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا مگر افسوس ان کی ضمانت ہوگئی ہے۔ وہ لڑکیاں بھی اپنے دوستوں کو کہہ رہی ہوں گی کہ آپ کچھ بھی کر لیں، قانون کچھ بھی نہیں کرے گا۔

اداکارہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ضمانت ملنے کی وجہ سے لڑکیوں اور لڑکوں کو اور بھی حوصلہ ملے گا ۔ اداکارہ نے کہا کہ واقعے میں ملوث لڑکیوں کے والدین کی چھترول کرنے کی ضرورت ہے، جو ایسے بچے معاشرے میں یوں ہی چھوڑ دیتے ہیں جنہیں نہ تمیز ہے نہ تہذیب ہے اور نہ ہی ان میں کوئی انسانیت ہے۔

شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابق گلوکارہ رابی پیر زادہ کاکہنا ہے کہ لاہور میں پیش آنے والے واقعے میں والدین کی تربیت میں کمی نظر آرہی ہے۔اداکارہ یشما گل نے تشدد کے اس واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہ جانے کب ہمارے بچوں اور نوجوانوں کو یہ بات سمجھ آئے گی کہ کسی کی تذلیل کرنا اور کسی کو تشدد کا نشانہ بنانا اچھی بات نہیں ہوتی۔

گلوکار علی ظفر کاکہنا ہے کہ تضحیک کرنے والی ملزم لڑکیوں کو اچھا انسان بننے کا موقع ملنا چاہیے لیکن جو اس واقعے سے متاثر ہوئی، اسے بھی انصاف ملنا چاہیے۔گلوکارہ قرۃ العین بلوچ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر انسانی مخلوق کون ہے؟ ۔

ماڈل میرب علی کا کہنا ہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والی بچی کو انصاف ملے گا اور پاپا کی شہزادیوں کو سزا ملے گی اور انہیں جیل بھیجا جائے گا۔اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور کے نجی اسکول کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں طالبات کی جانب سے ساتھی طالبہ پر شدید تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ پولیس کے مطابق حملہ آور لڑکیوں نے عدالت سے عبوری ضمانت کروالی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow