یورپ میں اسلام مخالف تحاریک کے باوجود لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہورہے ہیں اور عام یورپی لوگوں کے علاوہ کئی نامور شخصیات بھی اسلام قبول کرچکی ہیں جن میں ماضی کی مقبول اداکارہ مارسیلا مائیکل اینجلو بھی شامل ہیں۔
28 جنوری 1943 کو اٹلی میں پیدا ہونے والی اطالوی فلمسٹار مارسیلا مائیکل اینجلو 1971میں مصر کی الازہر مسجد کے امام کے سامنے اسلام قبول کرنے قاہرہ گئیں۔
یہ ان کا قاہرہ کا پہلا دورہ نہیں تھا، دو سال قبل وہ ایک مشترکہ پروڈکشن فلم ’’ہیرو ان دی ڈیزرٹ‘‘ کی شوٹنگ کے لیے قاہرہ گئی تھیں۔ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنا نام فاطمہ محمد عبداللہ رکھ لیا۔
اس سے پہلے مارسیلا نے چھوٹی عمر میں ہی کئی خوبصورتی کے مقابلے جیتے جن میں مس لیگوریا بھی شامل ہے۔ 1960 کی دہائی کے دوسرے نصف میں وہ روم چلی گئیں، جہاں ایک پاپ گلوکارہ کے طور پر اپنا کیریئر شروع کیا۔
مارسیلا نے 1967 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، آرٹ فلموں کے علاوہ ٹیلی ویژن پر بھی سرگرم تھیں لیکن 1980 کی دہائی کے اوائل میں اسلام قبول کرنے کے بعد شوبز سے دور ہوگئیں۔
اسلام قبول کرنے کے بعد فاطمہ کو شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تاہم انہوں نے اپنے ایمان پر سمجھوتا نہیں کیا، ان کا کہنا تھا کہ شوبز کی دنیا میں سب کچھ تھا لیکن سکون نہیں تھا، اسلام قبول کرنے کے بعد اندر سے سکون محسوس ہوتا ہے۔