گزشتہ روز لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پر دفعہ 144 کے تحت پولیس کی جانب سے کاروائی کی گئی تھی، جس کے بعد اداکار بھی میدان میں آگئے ہیں۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو اسی حوالے سے بتائیں گے۔
مشہور اداکار فرحان سعید کا کہنا تھا کہ جو کچھ زمان پارک میں ہو رہا ہے، وہ شرمناک اور خطرناک ہے۔ اب صورتحال جنگل کی طرح ہو رہی ہے اور کوئی روک بھی نہیں رہا ہے۔ ایک عام شہری کیا سوچے گا؟ کس نے ہمیں ہائی جیک کیا ہے؟
اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنے اکاؤنٹ سے اپنی اور اداکار جاوید شیخ کی تصویر اپلوڈ کر کے لکھا کہ زمان پارک میں پی ٹی آئی کی ریلی میں ہم شرکت کریں گے، ساتھ ہی لکھا کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ مشی خان کی جانب سے ویڈیو اپلوڈ کی گئی، عام طور پر مزاحیہ ویڈیوز بنانے والی اداکارہ کل کی صورتحال پر افسردہ دکھائی دیں۔
مشی خان کا کہنا تھا کہ میری سب سے درخواست ہے، کہ فورا زمان پارک پہنچیں، کیونکہ وہاں پر یہ لوگ کوئی گرینڈ آپریشن کرنے والے ہیں۔ یہ عمران خان کے پیچھے پڑ گئے ہیں، پتہ نہیں کس بات کا خوف ہے۔ کیا وہ اسام بن لادن ہیں؟ ایک پارٹی کا لیڈر ہے، کیا آپ لوگوں کے ساتھ ایسا کیا تھا؟ جو آپ اس کے پیچھے پڑگئے۔
ایک پر امن ریلی پر حملہ کیا گیا، خدارا آپ لوگ پہنچیں۔
جبکہ اداکارہ ریما خان کے نام سے منسوب اکاؤنٹ سے بھی ریلی میں ہلاک ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکن کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ انا للہ وانا الیہ راجعون۔