سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان کی اہلیہ صفاء نے پردے پر تنقید کرنے والوں کو سوشل میڈیا پر بھرپور جواب دیکر خاموش کروادیا۔
عرفان پٹھان نے 2016 میں جدہ میں مقیم ماڈل صفاء مرزا بیگ سے شادی کی تھی اور عرفان پٹھان اور صفاء دو بیٹوں عمران خان اور سلیمان خان کے والدین ہیں۔ سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان کی اہلیہ کو گزشتہ چند دنوں سے چہرہ چھپانے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین نے صفاء کے چہرہ چھپانے کے عمل کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کی تھی۔
عرفان پٹھان کی اہلیہ نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے خود نمائی پسند نہیں اور لوگوں نے میری شخصیت پر بے جا تنقید کی جس سے مجھے بہت تکلیف پہنچی ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بیٹے کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا تھا جہاں ہم نے اپنے خاندان کی تصویر شیئر کی۔
صفاء نے کہا کہ اپنے چہرے کو چھپانا میرا ذاتی فیصلہ تھا، اس حوالے سے عرفان کی طرف سے کوئی پابندی نہیں ہے۔ مجھے یاد ہے کہ شادی سے پہلے میں ایک ماڈل رہی ہوں لیکن اب میں ایک گھریلو خاتون ہوں اور مجھے شہرت یا خود نمائی سے کوئی دلچسپی نہیں۔