منیب بٹ، زین بیگ، صبا قمر، حریم فاروق، صبور علی، سنیتا مارشل اور دیگر فنکاروں پر مشتمل ڈرامہ سر راہ اختتام پذیر ہوگیا، آئی ڈریم انٹرٹینمنٹ اور اے آر وائی ڈیجیٹل کے مشترکہ کاوش سر راہ کی آخری قسط نے شائقین پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔
ڈرامہ ایک ایسی خاتون کی کہانی کے گرد گھومتا ہے جو اپنے والد کے بیمار ہونے پر اپنے خاندان کی کفالت کے لیے ٹیکسی ڈرائیور کی نوکری کرتی ہے۔
مرکزی کردار باصلاحیت اداکارہ صبا قمر نے نبھایا ہے اور ڈرامے نے اپنی غیر معمولی کہانی کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی۔
اس سیریز کے ڈائریکٹر عدیل بھٹی تھے اور اسکرپٹ عدیل رزاق نے تحریر کیا، سرِ راہ کی آخری قسط کو شائقین کی جانب سے بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی۔
شائقین نے روایتی موضوعات کے بجائے معاشرتی مسائل کو خوبصورتی کے ساتھ اجاگر کرنے پر بہت زیادہ تعریف کی اور صبا قمر کی فطری اداکاری اور زبردست پرفارمنس کو سراہا جس نے ڈرامے کو حقیقت سے قریب تر دکھایا۔ شائقین کا کہنا تھا کہ یہ سیریز پاکستانی ڈراموں میں بہت منفرد ہے تاہم ڈرامہ بہت جلدی ختم ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
ڈرامہ شائقین کا کہنا تھا کہ سر راہ کو مزید کچھ عرصہ چلنا چاہیے تھا کیونکہ ایسے اچھوتے موضوعات کی ٹی وی پر بہت کمی ہے، ایسے ڈرامے معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے بہت ضروری ہے اور اس طرح کے پروجیکٹس پر تواتر کے ساتھ کام ہونا چاہیے۔