سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کیلئے زمان پارک میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان جھڑپیں اور کشیدگی کا سلسلہ جاری ہے، پی ٹی آئی کے کارکنان کپتان کی حفاظت کیلئے پوری طرح مستعد ہیں۔
اسلام آباد پولیس کی ٹیم خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر عمران خان کو گرفتار کرنے گزشتہ روز لاہور پہنچی تھی۔
اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور 29 مارچ کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی عدالتی حکم پر گرفتاری ہوگی تاہم پولیس کی اضافی نفری درکار ہے۔
لاہور میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان جاری جھڑپوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بھی صارفین متحرک ہیں، بعض سوشل میڈیا صارفین نے تو بھارتی فنکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے علاوہ دپیکا پڈکون کی تصاویر ایڈیٹ کرکے لگادی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کے خانز بھی کپتان کے دفاع کیلئے موجود ہیں اور دپیکا پڈوکون بھی کپتان کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہے۔