معروف اینکر اقرار الحسن نے اپنی اہلیہ قرۃ العین کی قربانیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ عینی نے میرے لئے بہت قربانیاں دیں، میرے چھوٹے بہن بھائیوں کو عینی نے پالا اور ان کی شادیاں کیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اقرار الحسن نے بتایا کہ عینی سے شادی سے پہلے میرے پاس گاڑی نہیں تھی لیکن عینی کے پاس اپنی کار تھی۔ نکاح کے بعد ہم دونوں دبئی میں کام کرتے تھے جس کی وجہ سے عینی نے اپنی گاڑی میرے بہن بھائیوں کو دیدی۔
اقرار الحسن نے بتایا کہ والدین کی علیحدگی کے بعد والدہ نے بہت محنت کی اور فیکٹریوں میں کام کرتی تھیں، کپڑوں کے دھاگے کاٹ کر انہوں نے ہماری کفالت کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ شادی سے پہلے ٹیچر کے طور پر کام کرتی تھیں لیکن نیوز چینل میں آنے کے بعد دبئی میں ہم نے ایک چھوٹے سے فلیٹ سے نئے سفر کا آغاز کیا۔
اپنی شادی کے ابتدائی ایام کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ دبئی میں کام کے دوران ہماری شفٹ الگ الگ ہوتی تھی جس کی وجہ سے ایک دن عینی اور ایک دن میں کھانا بناتا تھا۔
اقرار الحسن نے وسیم بادامی کے حوالے سے بتایا کہ وسیم بادامی بھی ہمارے ساتھ رہتے تھے اور انہیں مہروں کی تکلیف کی وجہ سے ڈاکٹر نے زمین پر سونے کا مشورہ دیا تھا ، جس کی وجہ سے وسیم ڈرائنگ روم کے فرش پر سوئے رہتے تھے۔
اپنی اہلیہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عینی میرے لئے خدا کا تحفہ ہیں، انہوں نے بہن بھائیوں پر خرچ کرنے سے کبھی منع نہیں کیا بلکہ خود ان کی شادیاں کروائیں اور میرے چھوٹے بہن بھائی بھی عینی سے بہت پیار کرتے ہیں۔