افغانستان جانے سے انکار پر نوشہرہ میں افغان شہری نے بیوی کو قتل کر دیا

image

خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے محلہ خانخیل میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہری نے اپنی بیوی کو مبینہ طور پر اس لیے قتل کر دیا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ افغانستان جانے پر رضا مند نہیں تھی۔

مقتولہ امینہ نامی خاتون پاکستانی شہری اور پانچ بچوں کی ماں تھی۔ ان کے شوہر آصف غی قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان شہری ہیں۔

11 نومبر بروز سنیچر امینہ کی والدہ مقصود بیگم نے پبی تھانے میں آصف کے خلاف مقدمہ درج کرایا جس میں ملزم پر الزام لگایا کہ وہ اپنی بیوی کو قتل کر کے روپوش ہے۔

ملک بھر سے غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کا انخلا جاری ہے تاہم ان میں بعض غیرملکی شہری ایسے بھی ہیں جنہوں نے پاکستانی شہریوں سے شادی کی ہوئی ہے۔

آصف نے 10 برس قبل امینہ نامی پاکستانی شہری سے شادی کی تھی۔ مقتولہ کی والدہ کے مطابق ان کے داماد پیشے کے اعتبار سے قصاب ہیں اور انہوں نے غربت کی وجہ سے اپنی بیٹی کی شادی ان سے کروائی تھی۔

غیرملکی تارکین وطن کے انخلا کے سبب آصف کو بھی پاکستان چھوڑ کر افغانستان جانا تھا لیکن ان کی پاکستانی اہلیہ اس پر راضی نہیں تھیں۔

پبی پولیس نے اُردو نیوز کو بتایا کہ امینہ کی والدہ نے درج مقدمے میں آصف پر قتل کا الزام لگایا ہے۔

’مقتولہ کی والدہ نے بتایا کہ آصف کئی دنوں سے پریشان تھا کیونکہ وہ غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھا۔ جبکہ حکومت پاکستان نے غیرقانونی اور غیر رجسٹرڈ غیرملکیوں کو ملک سے نکلنے کا حکم دے رکھا ہے۔‘

پولیس کے مطابق آصف نے کئی بار اپنی بیوی سے درخواست کی کہ وہ اپنے پانچ بچوں سمیت اس کے ساتھ افغانستان جائے لیکن وہ منع کرتی رہی۔

پبی تھانے میں مقتولہ کی والدہ مقصود بیگم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں انہوں نے مؤقف اپنایا ’میرے داماد آصف کو اسی بات پر غصہ تھا کہ ان کی بیوی افغانستان جانے سے منع کر رہی ہیں۔‘

’میں نے اپنی بیٹی امینہ کے لیے پشاور کے علاقے گل آباد میں رہائش کی غرض سے کرایے پر کواٹر لیا تھا اور اس کا انتظار کر رہی تھی لیکن وہ نہیں آئی۔‘

پولیس کے مطابق چونکہ افغان شہری ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں تو مقتولہ کی والدہ نے اپنے داماد کے جانے سے پہلے بیٹی کے لیے گھر کا انتظام کیا تھا۔

مقتولہ کی والدہ کے مطابق ’جب میری بیٹی نہیں آئی تو میں ان کو لینے کے لیے نوشہرہ کے علاقے پبی چلی گئی تاکہ حال احوال معلوم کر سکوں اور اسے اپنے ساتھ لے آؤں۔‘

پولیس کے مطابق مقتولہ کی والدہ جب پبی میں اپنی بیٹی کے گھر پہنچی تو وہاں کوئی نہیں تھا اور ان کی بیٹی مردہ حالت میں وہاں موجود تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کی والدہ نے بتایا کہ ’میری بیٹی کو اس کے خاوند آصف نے بچوں کی موجودگی میں فائر کرکے قتل کیا کیونکہ وہ ان کو اپنےساتھ افغانستان لے جانا چاہتا تھا اور میری بیٹی جانے کو تیار نہیں تھی۔‘

ان کے مطابق ان کے داماد آصف اپنے پانچ بچوں کو ’اغوا‘ کرکے فرار ہوگیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ آصف کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US