نواز شریف وزیراعظم منتخب ہوئےتو آئینی تقاضا پورا کروں گا:صدر علوی

image

پاکستان کے صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ اگر اگلے سال 8 فروری کو عام انتخابات کے نتیجے میں نواز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے تو وہ بحثیت صدرِ مملکت آئینی تقاضہ پورا کریں گے۔

پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے ’وائس آف امریکہ‘ کو دیے گئے ایک انٹریو میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ عدلیہ، انتظامیہ اور سیاسی جماعتیں انتخابات کے بروقت انعقاد پر متفق ہیں اور اس میں اب کوئی شبہ نہیں کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

صدرِ مملکت کا مزید کہنا تھا کہ وہ کسی ایک جماعت کے نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے ترجمان ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صدر عارف علوی نے کہا کہ ’نواز شریف وزیر اعظم منتخب ہوئے تو حلف کا تقاضا پورا کروں گا۔ سیاست دان اور انتظامیہ سمیت تمام سٹیک ہولڈرمل کر کام کریں تو مسائل حل ہوسکتے ہیں۔‘

سابق وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کی انتخابات میں شمولیت کا فیصلہ عدالت میں ہے۔ بحیثیت صدر عدلیہ پر دانستہ اعتماد رکھتا ہوں۔‘

انٹرویو کے دوران 9 مئی کے پُرتشدد مظاہروں کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ وہ ان واقعات کی مذمت کر چکے ہیں اور وہ خود تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔

صدر عارف علوی نے غیرقانونی پناہ گزینوں کو ملک بدر کرنے کی نگراں حکومت کی پالیسی کا دفاع بھی کیا اور اسے ’مناسب اقدام‘ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت پناہ گزینوں کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے۔ افغانستان میں قائم طالبان کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ ’افغان طالبان دراندازی روکنے میں کامیاب رہے ہیں اور انہوں نے یقین دہانی کروانے کے باوجود کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف اقدامات نہیں کیے۔‘

اگلے سال فروری میں متوقع عام انتخابات کے حوالے سے صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ’لیول پلیئنگ فیلڈ‘ مہیا کرنا الیکشن کمیشن اور حکومت کی ذمہ داری ہے اور انہوں نے ’لیول پلیئنگ فیلڈ‘ مہیا کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US