’محسن نقوی بطور چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل جے شاہ کی جگہ لیں گے‘

image

انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ بلامقابلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین منتخب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے کی فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی خبر کے مطابق آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین گریک بارکلے تیسری مدت کے لیے چیئرمین بننے میں دلچسپی نہیں رکھتے جس کے بعد جے شاہ دسمبر میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔

ایک جانب جے شاہ اس وقت انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری ہیں تو دوسری طرف وہ بطور چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل کے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 

جیسے ہی جے شاہ آئی سی سی کا عہدہ سنبھالیں گے، انہیں نہ صرف بی سی سی آئی کے سیکریٹری بلکہ اے سی سی کے چیئرمین کا عہدہ بھی چھوڑنا ہوگا۔ 

تاہم یہ سوال سامنے آرہا ہے کہ ان دونوں عہدوں پر جے شاہ کا متبادل کون ہوسکتا ہے؟ 

پریس ٹرسٹ انڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بطور چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل جے شاہ کی جگہ لے سکتے ہیں۔ 

اس بات کا حتمی اعلان رواں سال کے اختتام پر متوقع ہے۔ 

پریس ٹرسٹ انڈیا کے ذرائع نے این ڈی ٹی وی کو بتایا ’ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس اس سال کے آخر میں ہوگا جہاں تصدیق کی جائے گی کہ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کو اگلے دو سال کے لیے ایشین کرکٹ کونسل کا چیئرمین تعینات کیا جا رہا ہے‘۔

واضح رہے 35 سالہ جے شاہ آئی سی سی کے منتخب ہونے والے سب سے کم عمر والے چیئرمین ہوں گے جو دسمبر میں عہدہ سنبھالیں گے۔ 

چیئرمین آئی سی سی منتخب ہونے پر جے شاہ کا کہنا تھا کہ ’میں آئی سی سی کی ٹیم اور تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کرنے کے لیے پُرعزم ہوں۔‘ 

انہوں نے اپنی تعیناتی پر آئی سی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’ہمارا بنیادی مقصد کرکٹ کو مزید ممالک تک لے جانا اور اس کی مقبولیت میں اضافہ کرنا ہے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts