کیلیفورنیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے قریب ایک شخص اسلحہ سمیت گرفتار

image

کیلیفورنیا میں سابق صدر اور ریپبلکن کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے قریب سکیورٹی چیک پوسٹ پر ایک شخص کو اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو پولیس نے کہا ہے کہ گرفتار شخص کے پاس گاڑی میں آتشیں اسلحہ، متعدد پاسپورٹس اور جعلی لائسنس پلیٹ موجود تھی۔

ریورسائیڈ کاؤنٹی کے پولیس افسر چاڈ بیانکو نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں ان کے محکمے نے قاتلانہ حملے کو روک دیا ہے تاہم انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ یہ ’قیاس آرائی‘ ہے۔

جیل ریکارڈ کے مطابق مشتبہ شخص کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ ایک وفاقی اہلکار نے کہا ہے کہ وفاقی سطح پر تحقیقات جاری ہیں۔

چاڈ بیانکو نے مزید کہا کہ ’ہم جو جانتے ہیں وہ یہ کہ اس کے پاس مختلف ناموں کے متعدد پاسپورٹس، جعلی لائسنس پلیٹ والی ایک غیررجسٹرڈ گاڑی اور آتشیں اسلحہ موجود تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں ہم نے ایک اور قاتلانہ حملے کو روکا۔‘

49 سالہ شخص جس کی شناخت لاس ویگس کے رہائشی ویم مِلر کے نام سے ہوئی ہے، کو شام پانچ بجے کے قریب ایک سیاہ ایس یو وی میں پولیس نے روکا تھا۔

ان کو بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے حراست میں لیا گیا۔

جیل ریکارڈ کے مطابق ویم مِلر کو پانچ ہزار ڈالر کی ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔ ان سے اس معاملے سے متعلق رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔

جولائی میں سابق امریکی صدر پر پنسلوینیا میں ایک ریلی کے دوران قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں وہ معمولی زخمی ہوئے تھے۔

اس حملے میں حملہ آور مارا گیا تھا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس کے بعد 9 ہفتوں بعد ستمبر میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ پر فلوریڈا میں واقع ٹرمپ گالف کلب کے قریب فائرنگ ہوئی۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کیا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts