پشاور میں ٹیبل ٹینس کے سنسنی خیز مقابلے اختتام پذیر۔۔ پاکستان بھر کے کھلاڑی شریک

image

پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام اور خیبرپختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقدہ آل پاکستان انڈر 12 اور انڈر 15 ماسٹر ٹیبل ٹینس کپ کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئے۔ ایونٹ میں پاکستان بھر سے مختلف صوبوں اور محکموں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی، جنہوں نے ہوپ پروگرام کے تحت نہ صرف تربیت حاصل کی بلکہ سنسنی خیز میچز میں ایک دوسرے کا بھرپور مقابلہ بھی کیا۔

ٹورنامنٹ میں خیبرپختونخوا کے اریب خان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آل پاکستان ٹیبل ٹینس ماسٹر کپ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ انہوں نے فائنل میں سندھ کے ارحم کو سخت مقابلے کے بعد تین دو سے شکست دی۔ انڈر 12 بوائز کیٹیگری میں خیبرپختونخوا کے فہد مجید نے پنجاب کے ابراہیم کو گیارہ آٹھ اور گیارہ آٹھ سے ہرایا۔

انڈر 15 گرلز کیٹیگری میں پاکستان آرمی کی فاطمہ دانش نے سندھ کی خوریہ یاسین کو تین دو سے شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ میچ کا اسکور 11-8، 10-12، 11-9، 9-11 اور 11-9 رہا۔ اسی طرح انڈر 12 گرلز ایونٹ میں سندھ کی سارہ دانش نے خیبرپختونخوا کی عدینہ حمیم کو 11-8 اور 11-9 سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔

تقریبِ تقسیمِ انعامات کے مہمانِ خصوصی روئت فوڈز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اصغر سید تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری پی اینڈ ڈی توفیق احمد، خیبرپختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر کفایت اللہ، صوبائی سیکریٹری احمد نواز علیزئی، ہوپ پروگرام کے ہیڈ کوچ ابصار علی، اسسٹنٹ کوچ اقرار رحمان اور آمنہ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

ہوپ پروگرام کے پہلے مرحلے میں تمام کھلاڑیوں کو کوالیفائیڈ کوچز کی زیر نگرانی تین دن تک تربیت دی گئی، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں ان کے درمیان باقاعدہ میچز کا انعقاد کیا گیا۔ ایونٹ کی خاص بات یہ تھی کہ انڈر 12 کیٹیگریز کے فاتح کھلاڑی ایشین ہوپ پروگرام میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts