پاکستان کی ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 14 رنز سے شکست

image

پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ میچ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلا گیا۔

ویسٹ انڈین کپتان شائے ہوپ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی بلے بازوں نے اس فیصلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ نوجوان اوپنر صائم ایوب نے شاندار 57 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

فخر زمان نے 28، حسن نواز نے 24، فہیم اشرف نے 16، صاحبزادہ فرحان نے 14 رنز بنائے، جب کہ کپتان سلمان علی آغا اور محمد حارث بالترتیب 11 اور 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمار جوزف نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور روماریو شیفرڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز ہی بنا سکی۔ ویسٹ انڈین بلے باز جونسن چارلس اور جیوئل اینڈریو نے 35،35 رنز بنائے جبکہ ہولڈر نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے ایک اوور میں 3 اہم وکٹیں حاصل کر کے میچ کا رخ موڑا، صائم ایوب نے 2، جبکہ شاہین آفریدی اور صفیان مقیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

صائم ایوب کو اُن کی آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بعد ازاں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں جو ذمے داری دی جائے اسے احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کرتا ہوں۔

پاک ویسٹ انڈیز سیریز کا دوسرا میچ اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow