وفاقی وزیر داخلہ کا قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے فی کس 10 لاکھ انعام کا اعلان

image

وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی، اس موقع پر کپتان نے انہیں نشانِ امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کی اور ہاکی کے کھیل کی بحالی سمیت پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے مسائل سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں کھلاڑیوں کی ویلفیئر، ری ہیب، ویزا اور میڈیکل مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی کھلاڑیوں کے میڈیکل و فٹنس کیسز پی سی بی کی پیشہ ورانہ میڈیکل ٹیم کے سپرد ہوں گے جبکہ ویزا مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ کے لیے قومی ٹیم کا کوالیفائی کرنا ملک کے لیے اعزاز ہے قومی ٹیم کی شرکت یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے ہاکی کے کھیل کی بحالی کے لیے مکمل سرپرستی اور معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US