پاکستان سے ایک ماہ میں ریکارڈ آئی ٹی برآمدات، خلیجی ممالک میں پاکستانی سوفٹ ویئر کمپنیوں کو پزیرائی

image

پاکستان نے گزشتہ ماہ جولائی کے دوران آئی ٹی برآ مدات کی مد میں 35 کروڑ 40 لاکھ ڈالر حاصل کیے جو کسی بھی ماہ میں سب سے زیادہ آئی ٹی ایکسپورٹ ہے۔ آئی ٹی برآمدات میں بڑا حصہ سوفٹ ویئر کنسلٹنسی کا رہا جس کی خلیجی ممالک سے مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

پاکستان سوفٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال سے ماہانہ آئی ٹی برآمدات کی اوسط شرح 31 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھی جس میں جولائی کے دوران ماہانہ 5 فیصد اور سالانہ 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جولائی کے دوران یومیہ ایک کروڑ 54 لاکھ ڈالر کی آئی ٹی برآمد ہوتی رہی ہے۔

ٹاپ لائن سیکورٹیز کی رپورٹ کے مطابق آئی ٹی برآمدات بڑھنے کی بنیادی وجوہات میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کا دنیا بھر خاص طور پر خلیجی ممالک میں کلائنٹس تک رسائی شامل ہے اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے برآمدات کے لیے غیر ملکی کرنسی کے اکاؤنٹس میں رقوم کی حد 35 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کی گئی ہے اس فیصلے کا بھی مثبت اثر سامنے آیا ہے، ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام سے بھی آئی ٹی برآمدات کو فروغ ملا ہے۔

پاکستان سوفٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے سروے کے مطابق 62 فیصد آئی ٹی کمپنیاں اسپشلائزڈ فارن کرنسی اکاؤنٹس کا استعمال کرتی ہیں جس میں حکومت کی جانب سے سہولت فراہم کی جارہی ہے پاکستان نے رواں سال کے لیے آئی ٹی برآمدات کا ہدف 5 ارب ڈالر رکھا ہے، سالانہ 18 سے 20 فیصد اضافے سے یہ ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے۔

حکومت کے قومی اقتصادی پلان "اڑان "کے تحت بھی 2029 تک آئی ٹی برآمدات کا ہدف 10 ارب ڈالر تک مقرر کیا گیا ہے۔ماہرین کا خیال ہے کہ آئی ٹی کے شعبے کو فروغ ملنے سےپاکستان کو قیمتی زرمبادلہ اور ٹیکس تو حاصل ہوں گے ہی اس کے نتیجے میں نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر روزگار میسر آئیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US