ملکی معیشت میں کیش کے بجائے ڈیجیٹل لین دین بڑھانے کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کیے جارہے ہیں، اس ضمن میں گزشتہ روز سیکورٹیز ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے نئی ہدایات جاری کی ہیں جس میں تمام مالیاتی اداروں کو کہا گیا ہے کہ رقوم کی ڈیجیٹلی لین دین کے لیے فوری اقدامات کریں۔
ایس ای سی پی کی جانب سے فنانس بینک، انشورنس، مضاربہ کمپنیوں اور سیکورٹیز بروکرز کو پابند کیا گیا ہے کہ 31 اکتوبر تک ڈیجیٹل پے منٹ وصول کرنے کے لیے کیو آر کوڈز پر مشتمل نظام مرتب کیا جائے، کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈیجیٹل پے منٹ سلوشنز نمایاں جگہ پر لگائے جائیں اور کسٹمرز کو ڈیجیٹل پے منٹ کا آپشن فراہم کیا جائے جب کہ کیو آر کوڈ سلوشنز مفت میں ہونے چاہیے۔
دوسری جانب کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی نے ایسے تمام یسٹورنٹس، شاپنگ مالز، کافی شاپس کو نوٹسز جاری کیے ہیں جو کریڈٹ کارڈ سے پے منٹ وصول نہیں کرتے، بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کے حکام نے بھی گاہکوں کو ادائیگی کے لیے کیش کے ساتھ ڈیجیٹل آپشن نہ دینے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔