پاکستان کو رواں برس 2 ارب ڈالر سے زائد قرض ملے گا، عالمی بینک

image

عالمی بینک نے پاکستان کو رواں مالی سال میں مختلف منصوبوں کے لیے 2 ارب ڈالر سے زائد قرض فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فنڈز انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے ذریعے دیے جائیں گے۔

اقتصادی امور ڈویژن کا کہنا ہے کہ اس وقت عالمی بینک کی فنڈنگ سے پاکستان میں 16.6 ارب ڈالر مالیت کے 57 منصوبے جاری ہیں جن کا تعلق زراعت، پانی، توانائی، فنانس، ریونیو، مواصلات، دیہی و شہری ترقی، ہیومن کیپیٹل، سوشل سروسز اور گورننس سے ہے۔

گزشتہ 7 برسوں میں عالمی بینک پاکستان کو مجموعی طور پر 11 ارب 84 کروڑ ڈالر فراہم کر چکا ہے جن میں سب سے زیادہ 1.96 ارب ڈالر توانائی کے شعبے پر خرچ کیے گئے۔

گزشتہ مالی سال 25-2024 میں عالمی بینک سے پاکستان کو 1 ارب 80 کروڑ ڈالر ملے تھے اور اس سے قبل 24-2023 میں 2.24 ارب ڈالر، 23-2022 میں 2.12 ارب ڈالر ملے تھے۔

اس طرح مالی سال 22-2021میں 1.59 ارب ڈالر اور 21-2020 میں 2 ارب ڈالر فراہم کیے گئے تھے جبکہ مالی سال 20-2019 میں یہ رقم 1.37 ارب ڈالر تھی۔

اقتصادی امور ڈویژن کے حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے برسوں میں بھی پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے عالمی بینک کی جانب سے مزید 8.6 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔عالمی بینک کے تعاون سے جاری منصوبے پاکستان کی معیشت، توانائی اور سماجی شعبوں کی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US