خدمات کے شعبہ کی قومی برآمدات میں جولائی کے دوران 18.27 فیصد اضافہ

image

اسلام آباد : خدمات کے شعبہ کی قومی برآمدات میں رواں مالی سال کے آغاز پر جولائی 2025 کے دوران 18.27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق اس دوران برآمدات کی مالیت 745.52 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ جولائی 2024 میں خدمات کے شعبہ کی برآمدات سے 630.38 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح گذشتہ مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2024 کےمقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران خدمات کے شعبہ کی ملکی برآمدات میں 115.14 ملین ڈالر یعنی 18.27 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی بی ایس کی رپورٹ کےمطابق جولائی 2025 کے دوران ٹیلی کمیونیکیشن، کمپیوٹراور انفارمیشن سروسز کی خدمات میں 23.77 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا جس سے خدمات کے شعبہ کی مجموعی برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

اعداد و شمار کےمطابق جولائی 2024 میں ٹیلی کمیونیکیشن، کمپیوٹراور انفارمیشن سروسز کی خدمات کی برآمد سے 286 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا، تاہم جولائی 2025 میں برآمدات کا حجم 23.77 فیصد اضافے سے 354 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔

مزید برآں خدمات کے شعبہ کی متفرق برآمدات میں بھی 17.96 کا اضافہ ہوا اور برآمدات کا حجم 128 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 151 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔ اسی طرح ٹرانسپورٹ کی خدمات کی برآمدات بھی 21.54 فیصد کے اضافہ سے 65 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 79 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔

دوسری جانب جولائی 2024 کے مقابلہ میں جولائی 2025 کے دوران سفری خدمات کی برآمدات 20.33 فیصد کمی سے 59 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 47 ملین ڈالر تک کم ہوگئیں۔

پی بی ایس کی رپورٹ کےمطابق جولائی 2024 کے مقابلہ میں جولائی 2025 کے دوران خدمات کے شعبہ کی مجموعی برآمدات میں 18.27 فیصد کا اضافہ ہوا اور اس عرصہ کے دوران شعبہ کی درآمدات میں 0.61 فیصد کی کمی سے درآمدات کی مالیت جولائی 2024 کی 876.83 ملین ڈالر کے مقابلہ میں جولائی 2025 کے دوران 871.44 ملین ڈالر تک کم ہوگئی۔

واضح رہے کہ جولائی 2025 کے دوران برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی کے نتیجے میں تجارتی خسارہ میں 48.91 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور تجارتی خسارہ جولائی 2024 کے 246.45 ملین ڈالر کے مقابلہ میں جولائی 2025 میں 125.92 ملین ڈالر تک کم ہوگیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US