حکومتِ پاکستان نے معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے اور عالمی مالیاتی منڈی میں اپنی شمولیت کو وسعت دینے کے لیے سسٹینیبل فنانس فریم ورک لانچ کر دیا ہے۔
فنانس ڈویژن کے مطابق اس فریم ورک کا مقصد گرین، سوشل اور سسٹینیبل فنانسنگ انسٹرومنٹس کے ذریعے سرمایہ کاری کے لیے ایک شفاف اور منظم طریقہ کار فراہم کرنا ہے۔ یہ فریم ورک سٹی بینک اور ڈوئچے بینک کی معاونت سے تیار کیا گیا ہے اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق تشکیل دیا گیا ہے۔
اس فریم ورک میں آئی سی ایم اے پرنسپلز برائے گرین، سوشیل اور سسٹینیبل بانڈز، لون مارکیٹ ایسوسی ایشن کے اصول اور عالمی اداروں کے بلو بانڈ گائیڈلائنز کو مدِنظر رکھا گیا ہے۔
بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی سسٹینیبل فِچ نے اس فریم ورک کا آزادانہ تجزیہ (Second Party Opinion) فراہم کرتے ہوئے اسے ایکسِلینٹ قرار دیا ہے جو پاکستان کے عالمی بہترین پریکٹسز سے ہم آہنگ ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ رپورٹ وزارتِ خزانہ کی ویب سائٹ پر عوام کے لیے جاری کر دی گئی ہے۔
فریم ورک کے تحت حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری کیے جانے والے تمام سسٹینیبل فنانسنگ انسٹرومنٹس، بشمول بانڈز اور انٹرنیشنل سکوک، پر اس کے اصول لاگو ہوں گے، اور اسے وقتاً فوقتاً اپڈیٹ بھی کیا جاتا رہے گا تاکہ عالمی مارکیٹ پریکٹسز اور پاکستان کے ای ایس جی ایجنڈا سے مطابقت برقرار رکھی جا سکے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈی میں ساکھ کو بہتر بنانے سسٹینیبل فنانس تک رسائی کو فروغ دینے اور ملکی معیشت کو زیادہ جامع اور لچکدار بنیادوں پر استوار کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔