اسلام آباد پولیس نے اسلحہ سے پاک اسلام آباد مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ فروخت کرنے والے ایک بڑے ڈیلر کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ کھنہ کی ٹیم نے ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی نگرانی میں کارروائی کی، جس کے دوران ملزم کی دکان پر چھاپہ مارا گیا۔ چھاپے کے دوران 28 رائفلیں اور 09 پستول برآمد ہوئے جبکہ دیگر کئی اقسام کے اسلحے کی بڑی تعداد بھی پکڑی گئی۔ برآمد شدہ اسلحے میں 12 بور، ایم پی فائیو، 44 بور، 223 بور اور 7MM رائفلیں شامل تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزم شہریوں کو بغیر لائسنس اسلحہ فروخت کرتا تھا اور اس کارروائی سے غیر قانونی اسلحہ کی ایک بڑی سپلائی لائن بے نقاب ہوئی۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر اسلحہ سے پاک اسلام آباد مہم کے تحت ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔