فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار شدگان حسنات، بابر عبداللہ اور ساجد علی ہیں، جو گوجرانوالہ، جہلم اور سیالکوٹ کے مختلف علاقوں سے پکڑے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کے جھانسے میں لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث تھے ملزم حسنات نے شہری کو دبئی بھجوانے کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ روپے وصول کیے۔بابر عبداللہ نے چار شہریوں سے سائپرس بھجوانے کے نام پر 63 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے اور ساجد علی نے شہری کو رومانیہ میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ 60 ہزار روپے بٹورے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔ تفتیش جاری ہے تاکہ دیگر ممکنہ ملوث افراد تک پہنچا جا سکے۔