راولپنڈی: مذہبی سیاسی جماعت کے کارکنان کو کنچے، غلیلیں، ڈنڈے پہنچانے والے ملزمان گرفتار

image

راولپنڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذہبی سیاسی جماعت کے احتجاج و ریلی کے لیے خطرناک سامان منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں ڈنڈے، غلیلیں، کنچے اور نمک کے پیکٹ برآمد کرلیے۔

پولیس کے مطابق، چکلالہ پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر ایک مشکوک گاڑی کو روکا۔ تلاشی لینے پر گاڑی سے 54 ڈنڈے، 37 غلیلیں، سینکڑوں کنچے اور نمک کے پیکٹ برآمد ہوئے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ سامان آج ہونے والی ریلی کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال کے لیے مذہبی سیاسی جماعت کے کارکنان میں تقسیم کیا جانا تھا۔

پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف دہشت گردی اور سازشِ مجرمانہ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ سیاست کی آڑ میں پرتشدد سرگرمیوں کی اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی۔

ترجمان کے مطابق، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں یا شہریوں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ امن عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جو مذہب یا سیاست کے نام پر تشدد کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US