اسلام آباد ترنول پولیس نے شہری کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم محمد اسحاق پر الزام ہے کہ اس نے برہان الدین نامی شہری کو اسلحے کے زور پر اپنی گاڑی میں بٹھا کر لے جانے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود لوگوں نے یہ کوشش ناکام بنادی۔
برہان الدین کے تھانہ سمبل میں پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق وہ مقامی میڈیکل اسٹور میں بطور ٹیکنیشن کام کرتا تھا، تاہم دکان مالک اکثر اس سے بغیر تنخواہ کے کام کرواتا تھا۔ کام چھوڑنے کے بعد برہان الدین نے 26 نمبر چونگی نور اسپتال کے قریب اپنی دکان قائم کرلی تھی۔
شام کے بعد ملزم اسحاق برہان الدین کی نئی دکان پر پہنچا اور زبردستی اسے دوبارہ کام پر واپس لانے کی کوشش کی۔ جب برہان الدین نے انکار کیا تو ملزم نے مبینہ طور پر نیفے سے پستول نکال کر اس کی کنپٹی پر رکھ دیا اور اسے گاڑی میں بٹھا کر لے جانے کی کوشش کی، جو علاقہ مکینوں نے مداخلت کرتے ہوئے ناکام بنادی۔
پولیس نے اغوا کی کوشش اور جان سے مارنے کی دھمکی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ ابتدائی کارروائی کے دوران پولیس نے ویڈیو شواہد اور عینی شاہدین کے بیانات حاصل کرلیے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔