بجٹ پیش کیے جانے کے اگلے ہی روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور پورے دن کے مثبت کاروبار کے بعد مارکیٹ ریکارڈ بلندی پر بند ہوئی۔ نئے مالیاتی بجٹ کو سرمایہ کاروں اور مارکیٹ کی جانب سے شاندار پذیرائی ملی، جس کے باعث کاروبار کا آغاز ہی 4414 پوائنٹس کی غیر معمولی تیزی کے ساتھ ہوا۔
تیزی کے اس رجحان کے باعث مارکیٹ نے ایک ہی دن میں 173000، 174000، 175000، 176000 اور 177000 پوائنٹس کی 5 اہم حدیں عبور کر لیں۔ دورانِ ٹریڈنگ مارکیٹ میں ایک وقت پر 4700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا، تاہم کاروبار کے اختتام پر کلسٹر انڈیکس 4640 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ 177040 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا۔
اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق وفاقی بجٹ کے مثبت اقدامات کے ساتھ ساتھ ایران امریکہ معاہدے اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی نے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ کاروباری سرگرمیوں کے دوران سرمایہ کاروں کی نظریں اسٹیٹ بینک کی آنے والی نئی مانیٹری پالیسی پر بھی جمی رہیں، جبکہ مارکیٹ میں سب سے زیادہ خریداری بینکنگ، سیمنٹ، انرجی، آئل اینڈ گیس اور ٹیکنالوجی سیکٹر کی کمپنیوں کے شیئرز میں دیکھی گئی۔