پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے آئی پی او کے اجرا کے سلسلے میں گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا جبکہ چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے بھی ورچوئل شرکت کی۔
تقریب میں چین کے کراچی میں تعینات ڈپٹی قونصل جنرل سمیت کاروباری اور مالیاتی شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ نئی لسٹ ہونے والی کمپنی پاکستان اور چین کے درمیان باہمی شراکت داری کا منصوبہ ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی بجٹ پیش کیا جا چکا ہے اور پارلیمنٹ میں اس پر بحث جاری ہے۔ ان کے مطابق بجٹ نے پائیدار معاشی ترقی کے لیے درست سمت کا تعین کیا ہے اور اس پر مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ قابل فخر امر ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر پر دونوں ممالک کی قیادت نے اعتماد کیا جبکہ ایران امریکا جنگ بندی معاہدے پر آئندہ جمعہ کو دستخط متوقع ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ماہ سے پاکستان اس معاہدے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا تھا اور آئندہ مالی سال میں مزید معاشی بہتری کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا اعتماد واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے حالیہ دورۂ چین کے بعد سی پیک میں بزنس ٹو بزنس تعاون کو فروغ ملا ہے اور پاکستان و چین کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ ان کے بقول پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین منافع بخش مارکیٹوں میں شمار ہو رہی ہے۔